کانپور تشدد معاملہ میں مختار عرف بابا بریانی کی درخواست ضمانت ہائی کورٹ سے منظور، 6 ماہ کے بعد رہائی

مختار عرف بابا بریانی 3 جون کو کانپور میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں 22 جون سے ضلع جیل میں قید تھے، ان پر پتھراؤ کرنے والوں کے کھانے پینے کا انتظام کرنے کا الزام ہے

کانپور میں فلیگ مارچ نکالتے پولیس اہلکار اور افسران / آئی اے این ایس
کانپور میں فلیگ مارچ نکالتے پولیس اہلکار اور افسران / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانپور: اس سال جون میں کانپور میں تشدد کے اہم سازشی کے طور پر گرفتار کئے گئے مختار عرف بابا بریانی کو جمعرات کو کانپور ضلع جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ مختار اس سال 3 جون کو کانپور میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں 22 جون سے ضلع جیل میں قید تھے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ بی ڈی پانڈے نے بتایا کہ مختار کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے ان کے خلاف درج تمام مقدمات میں انہیں مشروط ضمانت دے دی ہے۔

خیال رہے کہ کانپور میں تشدد کے بعد ظفر حیات ہاشمی کو کلیدی ملزم قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بابا بریانی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے تشدد سے پہلے لوگوں سے چندہ لیا تھا۔ ان پر پتھراؤ کے لیے بلائے گئے لوگوں کے کھانے پینے کا انتظام کرنے اور ان کی فنڈنگ کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا۔


کانپور شہر میں 3 جون کو نماز جمعہ کے بعد وی آئی پی موومنٹ کے درمیان پتھراؤ کیا گیا تھا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔ یہ ہنگامہ آرائی بی جے پی رہنما نوپور شرما کے بیان کے خلاف جوہر فینز ایسوسی ایشن کے قومی صدر حیات ظفر ہاشمی کے بازار بند کرنے کے اعلان کے بعد ہوئی۔ اس ہنگامہ آرائی میں سات افراد شدید زخمی ہوئے، جبکہ 25 سے زائد افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس اس کیس میں مرکزی ملزم حیات ہاشمی سمیت 58 افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سال 3 جون کو کانپور میں نماز جمعہ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی طرف سے ایک ٹی وی مباحثے میں پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس کے معاملے پر تشدد ہوا تھا۔ مختار عرف بابا بریانی کو اس معاملے میں اہم سازشی کے طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔