کانپور دیہات: بلڈوزر کارروائی کے دوران ماں-بیٹی کی جل کر موت معاملہ میں ایس ڈی ایم-لیکھ پال پر گری گاج، 39 پر مقدمہ درج

متاثرہ خاندان اور گاؤں والے ریاست کے وزیر اعلی کے پہنچنے کے بعد ہی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرانے پر بضد تھے۔ کافی منت سماجت کے بعد انہوں نے ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک سے بات کی اور پوسٹ مارٹم کی اجازت دی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کانپور: اتر پردیش کے کانپور دیہات میں انسداد تجاوزات مہم کے تحت بلڈوزر کارروائی کے دوران ماں-بیٹی کی جل کر ہوئی موت کے بعد اہل خانہ اور مقامی لوگوں کے شدید احتجاج کے بعد ایس ڈی ایم، تھانہ انچارج، چار لیکھ پالوں اور ایک درجن پولیس اہلکاروں سمیت 39 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ کانپور رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس پرشانت کمار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ سب ڈویزنل مجسٹریٹ (میتھا) گیانیشور پرساد کو معطل کر دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ متوفی خاتون کے بیٹے شیوم کی شکایت پر ایس ڈی ایم (میتھا) جے سی بی ڈرائیور (دیپک) مڈولی لیکھ پال اشوک سنگھ، تین نامعلوم لیکھ پال، ایک نامعلوم قانون گو (ریونیو آفیسر) اسٹیشن انچارج (رورا) دنیش کمار گوتم اور ایک درجن سے زیادہ پولیس اہلکاروں سمیت دیگران کے خلاف قتل، اقدام قتل، مویشیوں کو مارنے یا معذور کرنے، گھر کو تباہ کرنے کے ارادے سے آگ لگانے کے الزامات میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متاثرین کے گھر کو مسمار کرنے کے لیے استعمال ہونے والی جے سی بی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔


دوسری جانب متوفی خواتین کے اہل خانہ اور گاؤں والے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے آنے کے بعد ہی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرانے پر بضد تھے۔ کافی منت سماجت کے بعد خاندان نے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک سے بات کی اور پولیس کو لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جانے کی اجازت دی۔ پاٹھک نے جلد ہی خاندان سے ملنے کا یقین دلایا ہے۔ قبل ازیں، متاثرہ اہل خانہ نے 5 کروڑ روپے ایکس گریشیا اور کنبہ کے کم از کم دو ارکان کے لیے سرکاری نوکریوں کا مطالبہ کیا تھا۔ دو خواتین کی موت کے بعد علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر گاؤں اور اس کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کرشنا گوپال دیکشت کے خلاف کانپور دیہات کے میتھا تحصیل علاقے کے مڈولی پنچایت کے چالہا گاؤں میں سوسائٹی کی زمین پر غیر قانونی قبضے کی شکایت کی گئی تھی۔ انتظامیہ کی ٹیم پیر کو بلڈوزر لے کر تجاوزات ہٹانے پہنچ گئی۔ دیکشت اور اس کے خاندان نے بلڈوزر اسکواڈ کی شدید مخالفت کی۔ دریں اثنا، کرشنا گوپال کی بیوی پرمیلا اور بیٹی نیہا نے اپنی جھونپڑی کو گرانے سے بچانے کے لیے خود کو اندر سے بند کر لیا۔


کارروائی انجام دے رہہے اہلکار اس کے باوجود صورتحال کی سنگینی کو سمجھنے سے قاصر رہے اور بلڈوز چلانا شروع کر دیا۔ بلڈوزر نے پہلے نل اور مندر کو گرایا اور پھر گھر کی چھت گرا دی۔ چھت گرتے ہی جھونپڑی میں مبینہ طور پر آگ لگ گئی، جس سے کرشنا گوپال کی بیوی اور 23 سالہ بیٹی موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئیں، جبکہ کرشنا گوپال بھی شدید جھلس گے۔ کانپور دیہات میں پیش آنے والے اس واقعہ پر گاؤں کے لوگ مشتعل ہو گئے۔ معاملے نے کچھ ہی دیر میں سنگین رخ اختیار کر لیا، جس کے بعد اہلکاروں نے اہل خانہ کو سمجھانے کی لاکھ کوشش کی مگر صورت حال پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔