کانپور: دل کے اسپتال میں آگ لگنے سے بھگدڑ، افرا تفری میں ایک مریض ہلاک

کچھ مریضوں کو شیشہ توڑ کر باہر نکالا گیا، تاہم آگ لرنے کے بعد مچی افرا تفری کے درمیان ایک مریض کی موت واقع ہو گئی

کانپور اسپتال میں آگ / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
کانپور اسپتال میں آگ / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

کانپور: اتر پردیش میں کانپور کے سوروپ نگر علاقے میں واقع ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں اتوار کے روز آگ لگنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسپتال میں جس وقت آگ لگی جہاں 140 سے زیادہ مریض زیر علاج تھے، جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ کچھ مریضوں کو شیشہ توڑ کر باہر نکالا گیا، تاہم آگ لرنے کے بعد مچی افرا تفری کے درمیان ایک مریض کی موت واقع ہو گئی۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام متاثرین کا علاج کرانے اور اس سلسلے میں حقائق پیش کرے۔ اس کے ساتھ ہی جانچ کے لئے انہوں نے ایک اعلی سطحی کمیٹی ڈی جی فائر سروس، کمشنر کانپور ڈیویژن اور چیف سکریٹری میڈیکل ہیلتھ کی تشکیل کی ہے جو فوراً موقع پر جا کر مکمل حقائق کی جانچ کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ماضی میں بھی تمام اسپتالوں میں فائر خدمات کو مستحکم کرنے کی ہدایات دی گئیں تھیں ، لیکن انھیں دوبارہ تمام اسپتالوں میں چیک کیا جانا چاہئے تاکہ کسی اور اسپتال میں ایسا حادثہ پیش نہ آئے۔


اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں پہلے فلور پر بنے آئی سی یو کے جنرل وارڈ میں صبح قریب ساڑھے آٹھ بجے دھواں دیکھا گیا جو دیکھتے ہی آگ کی لپٹوں میں بدل گیا۔ آناًفاناً سبھی مریضوں کو ان کے گھروالے باہر نکالنے کی کوشش کرنے لگے۔ اس سے وارڈ میں افراتفری مچ گئی اورپورے وارڈ میں دم گھونٹنے والا دھواں پھیل گیا۔

انسٹی ٹیوٹ کے ملازمین نے پولیس کو اطلاع دی اور آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے مریضوں کو باہر نکالنے کی کوشش کرنے لگے۔ فائربریگیڈ ملازمین نے تیزی دکھاتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے کھڑکیاں توڑ کر سبھی مریضوں کو صحیح سلامت باہر نکالا۔ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔

پورے معاملے کے سلسلے میں اے سی پی مہیندر سنگھ نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور کے سبھی مریضوں کو صحیح سلامت نکال لیا گیا ہے۔ پہلی منزل پر نو مریضوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ انہیں اسی منزل پر ٹریٹمنٹ دیا جا رہا ہے۔


کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر وینٹی لیشن کا انتظام کردیا گیا ہے۔ دھواں کم ہونے پر گراؤنڈ فلور چیک کیا جائے گا۔ گراؤنڈ فلور پر ابھی کسی کے پھنسے ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ گراؤنڈ فلور پر واقع اسٹور میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی۔ فائر سروس کے لوگ جانچ کرکے بتائیں گے کہ آگ لگنے کی کیا وجہ رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔