کنہیا لال قتل معاملہ: جے پور میں خاموش جلوس اور ہنومان چالیسہ کا پاٹھ

کنہیا لال قتل معاملے کے خلاف سرو ہندو سماج کی جانب سے ایک خاموش جلوس نکالا گیا جس میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اسٹیچو سرکل پر ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کیا گیا۔

کنہیا لال، مقتول درزی
کنہیا لال، مقتول درزی
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کی راجدھانی جے پور میں کنہیا لال کے قتل کے خلاف آج خاموش جلوس نکالا گیا اور ہنومان چالیسہ پڑھی گئی۔ اس معاملے کے خلاف سرو ہندو سماج کی جانب سے ایک خاموش جلوس نکالا گیا جس میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اسٹیچو سرکل پر ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کیا گیا۔ اس دوران مقتول کنہیالال کو خراج عقیدت پیش کی گئی اور کنہیا لال کے قاتلوں کو جلد سے جلد پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اسٹیچو سرکل میں منعقدہ اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جس میں وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی)، بجرنگ دل اور سنتوں سمیت مختلف سماجی اور مذہبی تنظیموں کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ اس دوران دو منچ بنائے گئے جن میں ایک منچ پر سادھو سنت بیٹھے نظر آئے۔ اس موقع پر جے پور شہر کے ایم پی رام چرن بوہرا، بی جے پی سٹی صدر راگھو شرما سمیت کئی لیڈران بھی موجود تھے۔


اس میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی اور وہ کنہیا لال قتل معاملے میں کافی مشتعل تھیں۔ اس دوران راجستھان خواتین کمیشن کی سابق چیئرپرسن سمن شرما نے کہا کہ اس معاملے کے ملزموں کو جلد سے جلد پھانسی دی جانی چاہیے۔ اسی طرح کئی دیگر خواتین نے بھی اس معاملے میں ملزموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔