تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو زراعت کے لیے زمین دے گی کمل ناتھ حکومت

مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت نے ریاست کے تعلیم یافتہ بے روزگاروں کے لیے نیا منصوبہ شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ اس کے تحت بے روزگاروں کو زراعت کے لیے زمین دی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کی حکومت کا کسانوں اور بے روزگاروں پر خاص زور ہے، اور وہ اسی لحاظ سے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ اسی عمل میں حکومت تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو فصل اگانے کے لیے زمین دینے کے لیے پالیسی بنانے جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے منگل کے روز متعلقہ محکمہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو فصلوں کے لیے زمین کے استعمال کا حق دینے سے متعلق نئی پالیسی جلد بنانے کی ہدایت دی ہے۔

ایڈمنسٹریشن ذرائع کے مطابق ریاست میں ایسی سرکاری زمینوں کو نشان زد کیا جائے گا جہاں پانی کا انتظام ہو۔ اس زمین پر محدود زراعت مثلاً پھول-پھل، سبزیاں اور ایکزوٹک فصلیں آرنامینٹل نرسری کے ساتھ ہی ٹیشو کلچر وغیرہ اُگائے جائیں گے۔


وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بے روزگاروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ہی طے کیا ہے کہ نشان زد زمین تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو دی جائے تاکہ وہ اس کے ذریعہ اپنے لیے روزگار کے وسائل تیار کر سکیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں وزیر اعلیٰ باغبانی فوڈ پروسیسنگ منصوبہ کے ذریعہ آرکڈ پارک قائم کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ پھولوں کی کھیتی کو فروغ دینے کے لیے پڑھے لکھے نوجوانوں کو انڈسٹریل ڈیولپمنٹ سنٹر کے ذریعہ سے ایک ایکڑ سے ڈھائی ایکڑ تک زمین کے تیار کردہ پلاٹ الاٹ کیے جائیں گے۔ ان میں سڑک، بجلی، پانی وغیرہ کا انتظام بھی حکومت کے ذریعہ کرایا جائے گا۔

حکومت نے نوجوانوں کو باغبانی والی فصلوں کے لیے زمین دینے کے منصوبہ پر کام شروع کیا ہے۔ یہ زمین کس بنیاد پر، کس نوجوان کو اور کتنے وقت کے لیے دی جائے گی، اس کا خاکہ تیار کرنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کمل ناتھ حکومت ایک طرف کسانوں کا دو لاکھ روپے تک کا قرض معاف کر رہی ہے تو دوسری طرف شہری نوجوانوں کے لیے ’یوا سوابھیمان یوجنا‘ شروع کی گئی ہے۔ اس منصوبہ میں نوجوانوں کو سال میں 100 دن کا کام دیا جا رہا ہے جس کے تحت انھیں ہر ماہ 4 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ 13 ہزار روپے ملیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔