آئندہ اسمبلی انتخابات کی الٹی گنتی شروع : کمل ناتھ

کمل ناتھ نے کہا کہ سیاست میں بنیادی تبدیلی آ چکی ہے اب پرہجوم جلوسوں اور جلسوں کا دور ختم ہو گیا۔ اب عوام سے براہ راست رابطہ کرنے والا لیڈر ہی مستقبل میں زندہ رہ سکے گا

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے آج کہا کہ 2023 کے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور تمام پارٹی کارکنان کو اس کے پیش نظر تیار رہنا چاہیے۔

ریاستی کانگریس صدرمسٹر کمل ناتھ نے یہاں اپنی رہائش گاہ پرضلع کانگریس صدور اور ضلع انچارجوں کی ایک اہم میٹنگ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی سیاست میں بنیادی تبدیلی آچکی ہے۔ اب سیاست مقامی ہو چکی ہے۔ پرہجوم جلوسوں اور جلسوں کا دور ختم ہو گیا۔ اب عوام سے براہ راست رابطہ اور مکالمہ کرنے والا لیڈر ہی مستقبل میں زندہ رہ سکے گا اور ہمیں اس سچائی کو سمجھنا ہوگا۔


ریاستی کانگریس کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ مضبوط تنظیم کے بغیر ہم انتخابات نہیں جیت سکتے۔ ہمیں اپنے بلاک، سیکٹر اور بوتھ یونٹس کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ریاستی ضمنی انتخابات میں ہماری جیت کی وجہ ہماری تنظیم ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ اب 18 ماہ باقی ہیں اور ہمیں میدان میں سخت محنت کرنا ہوگی۔

پارٹی کارکنان سے مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ ہمیں اپنے بلاک، سیکٹر، بوتھ یونٹوں کی تنظیم نو کے کام کو تیز کرنا ہوگا۔ ممبر سازی مہم کو بھی تیز کیا جائے۔ ووٹر لسٹ پر نظرثانی کا کام جاری ہے۔ ہمیں اس طرف بھی توجہ دینی ہوگی۔ نئے ووٹرز کو شامل کرنا ہو گا، جن کے نام رہ گئے ہیں، انہیں شامل کرنے کی سمت میں بھی توجہ دینا ہو گی۔ ووٹر لسٹ سے جعلی اور بوگس نام نکالنے ہوں گے۔ اٹھارہ مہینے رہ گئے ہیں۔ آپ سب ہر ہفتے کا شیڈول بنائیں۔


ریاستی صدر نے کہا کہ آئندہ یکم فروری سے ریاست میں گھر چلو، گھر گھر چلو مہم شروع کی جائے گی، جس کے تحت بلاک سطح تک عوام سے براہ راست رابطہ کیا جائے گا۔ یہ بھی کوشش کریں کہ ہم کسی بھی حالت میں ایک دن میں کم از کم پانچ بوتھ تک پہنچ سکیں۔ کانگریس کے نظریات اور پالیسیوں کو عوام تک لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی تمام اضلاع میں ضلعی رابطہ کمیٹیاں بھی تشکیل دے گی۔ وقتاً فوقتاً تربیتی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔

میٹنگ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ضلع صدور اور ضلع انچارجوںنے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔میٹنگ میں ریاستی جنرل سکریٹری راجیو سنگھ، ریاستی میڈیا کوآرڈی نیٹر نریندر سلوجا، ترجمان اور سیل کے انچارج جے۔ پی دھنوپیا اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔