دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس تارا گنجو الوداعی تقریب میں بیٹی کو روتا دیکھ کر ہوئیں جذباتی، کہا- ’رونا مت، ورنہ میں بھی رو پڑوں گی!‘

جسٹس تارا وتستا گنجو کو 18 مئی 2022 کو دہلی ہائی کورٹ کی مستقل جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا اور اب 28 اکتوبر 2025 کو وہ کرناٹک ہائی کورٹ میں منتقل ہو کر عہدے کا حلف لے چکی ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر:انسٹا گرام</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جسٹس تارا وتستا گنجو نے دہلی ہائی کورٹ کو الوداع کہہ دیا اور اب وہ کرناٹک ہائی کورٹ میں اپنی نئی میعاد کا چارج سنبھالیں گی۔ اپنے الوداعیہ خطاب میں جسٹس گنجو نے اہل خانہ اور ساتھیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران ایک لمحہ ایسا بھی آیا جس نے سبھی کے دلوں کو چھو لیا۔ اسٹیج سے اپنی بیٹی کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر جسٹس گنجو جذباتی ہو گئیں اور کہنے لگیں کہ ’’رونا مت، اگرتم روؤ گی تو میں بھی رودوں گی‘‘۔ اس بات کو سن کر کررہ عدالت میں سناٹا چھا گیا اور اس پیار نے سبھی کو جذباتی کر دیا۔

اپنی تقریر کے دوران جسٹس گنجو نے کئی بار اپنے خاندان کا ذکر کیا اور کہا کہ جج کی زندگی اکثر تنہائی کا شکار ہوتی ہے لیکن ان کا خاندان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہا۔ اپنی بیٹی کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’اگر تم روؤ گی تو میں بھی رو دوں گی‘‘۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے جذبات پر قابو پایا اور سکون سے اپنی تقریر مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں خدمات انجام دینا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور اب وہ اسی لگن کے ساتھ کرناٹک ہائی کورٹ میں اپنی نئی ذمہ داریوں کو پورا کریں گی۔


جسٹس تارا وتستا گنجو 1971 میں نئی دہلی میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے 1992 میں لیڈی شری رام کالج، دہلی یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلر آف آرٹس (آنرز) اور 1995 میں دہلی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ 1999 میں انہوں نے برٹش شیوننگ اسکالر شپ کے تحت کالج آف لاء، یارک، انگلینڈ سے کمرشل لاء کا کورس مکمل کیا اور 2005 میں بین الاقوامی تحویل اور انضمام میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ 2018 میں انہیں دہلی ہائی کورٹ کے ’سمادھان‘ سینٹر کی طرف سے ثالث کے طور پر سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا اور انہوں نے امریکہ کے پیپرڈائن لا اسکول میں بین الاقوامی سیمینار میں بھی حصہ لیا تھا۔

بنچ میں شامل ہونے سے پہلے جسٹس گنجو نے دہلی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں دیوانی، ثالثی، کمپنی، فوجداری اور دانشورانہ املاک سے متعلق مقدموں کی پیروی کی۔ وہ کئی تنظیموں کی قانونی مشیر اور عدالتوں میں ثالث اور امیکس کیوری (عدالتی معاون) کے طور پر کام کر چکی ہیں۔ انہیں 18 مئی 2022 کو دہلی ہائی کورٹ کی مستقل جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا اور اب 28 اکتوبر 2025 کو کرناٹک ہائی کورٹ میں منتقل ہو کر انہوں نے عہدے کا حلف لیا۔ یہ نیا سفر ان کے تجربے اور عدالتی میدان میں لگن کی ایک نئی سمت طے کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔