ملک کے پہلے لوک پال جسٹس پناکی گھوش نے لیا عہدہ کا حلف

جسٹس پناکی چندر گھوش کو 19 مارچ کو ملک کا پہلا لوک پال مقرر کیا گیا تھا اور 23 مارچ کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے انھیں راشٹرپتی بھون میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج پناكی چندر گھوش کو ہفتہ کے روز ملک کے پہلے لوک پال کے طور پر حلف دلایا گیا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ كوند نے یہاں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انہیں لوک پال کے عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی موجود تھے۔ جسٹس گھوش کو 19 مارچ کو ملک کا پہلا لوک پال مقرر کیا گیا تھا۔

نریندرمودی، جسٹس گوگوئی، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اور نامور قانون داں مکل روہتگی کی رکنیت والی سلیکشن کمیٹی نے جسٹس گھوش کو ملک کا پہلا لوک پال مقرر کیے جانے کی تجویز پیش کی تھی۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے کو کمیٹی میں شامل ہونے کے لئے مدعو کیا گیا تھالیکن وہ میٹنگ میں حاضر نہیں ہوئے۔ جسٹس گھوش کی یہ تقرری سپریم کورٹ کی جانب سے اس کے لئے مدت کار مقرر کر دیئے جانے کے بعد کی گئی۔

جسٹس گھوش نے تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلی جے للتا کی قریبی ساتھی ششی کلا کو بدعنوانی کے معاملے میں سزا سنائی تھی۔ انہوں نے آٹھ مارچ 2013 کو سپریم کورٹ میں جج کے طور پر اپنی خدمات شروع کی تھیں اور 27 مئی 2017 کو سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔ وہ جون 2017 سے قومی انسانی حقوق کمیشن کے رکن ہیں۔ اس سے قبل وہ آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ لوک پال کے انتخاب کے لئے کمیٹی کی جانب سے 10 ناموں کی فہرست میں جسٹس گھوش کا نام شامل تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Mar 2019, 2:09 PM