مہاراشٹر میں تمام فرقوں اور طبقات سے انصاف کیا جائے گا: اسپیکر پٹولے

مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اسپیکر نانا پٹولے نے کہا کہ 2014 میں بی جے پی کو ملک کا اقتدار ملنا اس ملک کی تباہی کی شروعات ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت تمام فرقوں اور طبقات کے ساتھ جن کا تعلق کسی بھی۔مذہب اور ملت سے ہوگا ہر حال میں انصاف کرے گی ۔اس کا اظہار ریاستی اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولے نے جنوبی ممبئی میں اسلام جمخانہ کے استقبالیہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اتحادی حکومت عوام کی خدمت کے اپنے مقصد میں کامیاب ہوگی۔

انہوں نے مرکز کی بی جے پی لیڈر شپ بلکہ وزیراعظم مودی سے ناراضگی کے بعد پارٹی سے استعفی دے دیا تھا اور کانگریس کے ٹکٹ پر ناگپور سے کامیاب ہوئے۔ ایک بار پھر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2014 میں بی جے پی کو ملک کا اقتدار ملنا اس ملک کی تباہی کی شروعات ہے، حالانکہ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بھی اس کا حصہ تھے، لیکن اس کا جلد ہی احساس ہوگیا کہ بی جے پی عوام دشمن ہے۔ دراصل عوام سے کیے جانے والے وعدوں سے ہٹ کر کام کیے جانے لگے اور ایسا لگنے لگا کہ ہم جس مقصد سے منتخب ہوئے ہیں، وہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس لیے ملک کو نقصان پہنچانے والی بی جے پی کو چھوڑ دیا ہے۔


اسپیکر نانا پٹولے نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں ہم نے ریاست کی ترقی اور فلاح وبہبود میں سبھی کو شامل کرنے کا عزم کیا اور مہاوکاس اگھاڑی سبھی کو ترقی روزگار اور ہر شعبے میں موقع دے گی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل اسلام جمخانہ کے صدر یوسف ابراہانی نے کہا کہ نانا پٹولے میں بلاجھجک اپنی بات ارباب اقتدار تک پہنچانے کا عزم ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عوام دشمن اور ملک کی ترقی کے لیے کام نہ ہونے پر بی جے پی کے راجیہ سبھا کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔


اس موقع پر ریاستی وزیر اور این سی پی کے سنئیر لیڈر نواب ملک نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار کے لیے ریزرویشن دے گی کیونکہ وہ ان کا حق ہے، سابقہ بی جے پی حکومت نے تعلیم کے سلسلہ میں عدالتی حکم کے باوجود مسلمانوں کو اس سے محروم رکھا تھا۔ سابق ایم ایل اے ایڈوکیٹ وارث پٹھان، سماجی اور تعلیمی شخصیت علی این شمسی، ڈاکٹر اے آ ر پاٹنکر، او بی سی لیڈر شبیر انصاری، ایم ایل اے امین پٹیل، معروف شاعر قاسم امام نے بھی نظامت کے ساتھ خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر شہر کے عمائدین،علمائے کرام اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔