دیپک مشرا ملک کے نئے چیف جسٹس

PIB
PIB
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جسٹس دیپک مشرا کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پرصدر جمہوریہ رام ناتھ کوند نے حلف دلایا۔ جسٹس مشرا نے سابق چیف جسٹس آف انڈیا جے ایس کیہر کی جگہ لی ہے۔ دیپک مشرا کو ملک کا 45 واں چیف جسٹس آف انڈیا ہو نے کا شرف حاصل ہوا ۔ چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب کے موقع پر نائب صدرجمہوریہ ایم ونکیا نائڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور مرکزی وزراء کے علاوہ کئی نامور شخصیات موجود تھیں۔ ان کی میعاد کار تین اکتوبر 2018 کو ختم ہوگی۔

PIB
PIB

جسٹس دیپک مشرا ہندوستان کے چیف جسٹس (سی جےآئی) بننے والے اڈیشہ کے تیسرے جج ہوں گے۔ ان سے پہلے اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے جسٹس رنگناتھ مشرا اور جسٹس جی بی پٹنائک بھی اس عہدے کو وقار بخش چکے ہیں۔ جسٹس مشرا یعقوب میمن پر دئے گئے فیصلے کی وجہ سے کافی سرخیوں میں رہے تھے۔ انہوں نے رات بھر سماعت کرتے ہوئے یعقوب کی پھانسی پر روک لگانے سے متعلق عرضی خارج کر دی تھی۔

جسٹس مشرا پٹنہ اور دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ تین اکتوبر 1953 کو پیدا ہونے والے جسٹس مشرا کو 17 فروری 1996 کو اڈیشہ ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج بنایا گیا تھا۔ تین مارچ 1997 کو ان کا تبادلہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں کر دیا گیا۔ اسی سال 19 دسمبر کو انہیں مستقل تقرری دی گئی۔ 23 دسمبر 2009 کو انہیں پٹنہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا اور 24 مئی 2010 کو دہلی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا۔ وہاں رہتے ہوئے انہوں نے پانچ ہزار سے زیادہ مقدمات کا فیصلہ سنایا اور لوک عدالتوں کو زیادہ کارآمد بنانے کی کوشش کی۔ انہیں 10 اکتوبر 2011 کو ترقی دے کر سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ جسٹس مشرا نے ہی ملک بھر کے سینما گھروں میں قومی ترانہ گائے جانے کا حکم جاری کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2017, 10:40 AM