جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم، منڈاویا سے معاملے کو جلد حل کرنے کی اپیل

پی جی نیٹ کونسلنگ میں تاخیر پر کئی ہفتوں سے احتجاج کر رہے جونیئر ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال ختم کر دی اور مرکزی وزیر صحت و خاندانی فلاح و بہبود منسکھ منڈاویا سے اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے اپیل کی

ڈاکٹروں کی ہڑتال / قومی آواز / وپن
ڈاکٹروں کی ہڑتال / قومی آواز / وپن
user

یو این آئی

نئی دہلی: پی جی نیٹ کونسلنگ میں تاخیر پر گزشتہ کئی ہفتوں سے احتجاج کر رہے جونیئر ڈاکٹروں نے جمعہ کو اپنی ہڑتال ختم کر دی اور مرکزی وزیر صحت و خاندانی فلاح و بہبود منسکھ منڈاویا سے اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے اپیل کی۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے قومی صدر ڈاکٹر سہجانند پرساد سنگھ اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر جیش ایم لیلے نے یہاں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منڈاویا نے پورے معاملے کو دیکھنے اور اسے جلد حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جونیئر ڈاکٹروں نے آج 12 بجے کے بعد متعلقہ اسپتالوں میں واپسی شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے کورونا وبا کے دوران انتھک محنت کی اور ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر ڈاکٹروں نے کام پر واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو ہڑتال پر جانے پر مجبور کیا گیا۔


ڈاکٹر سنگھ اور ڈاکٹر لیلے نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے ایک وفد نے کل دیر شام مرکزی وزیر صحت و خاندانی فلاح و بہبود سے ملاقات کی تھی اور انہیں پورے معاملے اور ڈاکٹروں کے مطالبات سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹروں نے مرکزی وزیر سے ملاقات اور کووڈ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں کی صورتحال جلد معمول پر آجائے گی۔

ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ وفد نے ڈاکٹروں پر کی گئی پولیس کارروائی پر برہمی کا اظہار کیا اور درج مقدمات واپس لینے کی درخواست کی۔ وفد نے پی جی این ای ای ٹی کے ذریعے داخلہ کے عمل سے متعلق مسائل کو تیز کرنے کے لیے منڈاویا سے مداخلت کی درخواست کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔