جج نہ تو شہزادے ہوتے ہیں اور نہ ہی فرمانروا: سی جے آئی چندرچوڑ

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا ہے کہ جج کہیں کے شہزادے یا فرمانروا نہیں ہیں، ان کا کام خدمت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بات برازیل میں جے-20 سربراہی اجلاس کے دوران کہی

<div class="paragraphs"><p>سی جے آئی چندرچوڑ / آئی اے این ایس</p></div>

سی جے آئی چندرچوڑ / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا ہے کہ جج کہیں کے شہزادے یا فرمانروا نہیں ہیں، ان کا کام خدمت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بات برازیل میں جے-20 سربراہی اجلاس کے دوران کہی۔ چیف جسٹس چندر چوڑ نے کہا کہ جج ایک ایسا افسر ہوتا ہے جو توہین کے الزام میں مجرموں کو سزا دیتا ہے اور دوسروں کی زندگیوں پر اہم فیصلے کرتا ہے، اس لیے اس کے فیصلے لینے کا عمل شفاف ہونا چاہیے۔

سی جے آئی چندرچوڑ نے زور دے کر کہا کہ فیصلے لینے کا ایک شفاف طریقہ ہونا ضروری ہے، جو سب کو ساتھ لے کر چلے۔ برازیل کے ریو ڈی جنیرو میں جے-20 سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا، ’’آج ہم مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ اے آئی کی مدد سے فیصلے یوں ہی نہیں لیے جا سکتے۔ اس کی وضاحت ہونی چاہیے کہ ایسا فیصلہ کیوں اور کس بنیاد پر کیا گیا ہے۔


سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ نے مزید کہا، ’’جج کے طور پر ہم نہ تو کہیں کے شہزادے ہیں اور نہ ہی فرمانروا، جو کسی بھی فیصلے کی وضاحت کو نظر انداز کر دیں۔‘‘ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا کہ یہ جج کی ذمہ داری ہے کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں اور ان کے ذریعہ جو فیصلہ لیا جائے وہ قانون کا مطالعہ کرنے والوں اور عام لوگوں کے لیے قابل فہم ہونا چاہیے۔

عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کے کردار کے بارے میں جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے انصاف اور سماج کے درمیان تعلقات کو بنیادی طور پر بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پہلے کیے گئے فیصلوں کو بھی آگے بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ساڑھے سات لاکھ سے زائد مقدمات کی سماعت ہوئی اور کئی اہم آئینی مقدمات کی سماعت یوٹیوب پر براہ راست نشر کی گئی۔


خیال رہے کہ جے-20 سپریم کورٹ اور آئینی عدالتوں کے چیف جسٹسوں کا ایک گروپ ہے، جس کے اراکین جی-20 ممالک ہیں۔ اس سال جے-20 کانفرنس کا انعقاد برازیل کی وفاقی سپریم کورٹ نے کیا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق اس پروگرام میں افریقی یونین، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، یورپی یونین، فرانس، جرمنی، ہندوستان، اٹلی، کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ، پرتگال اور اسپین کے سپریم کورٹ کے سربراہ نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔