کورونا کے تعلق سے جھوٹی خبر شائع کرنے کے الزام میں صحافی کو جیل

بہار کے مونگیر سے تعلق رکھنے والے صحافی پون چودھری نے ویب پورٹل پر بھاگلپور میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک موت ہونے کی خبر شائع کی تھی۔ پولس نے جانچ میں خبر جھوٹی پائی اور صحافی کو گرفتار کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پوری دنیا میں کورونا کو لے کر دہشت ہے اور لگاتار ہو رہی اموات و انفیکشن کی وجہ سے عوام میں خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہندوستان میں 25 اپریل سے ہی لاک ڈاؤن کا اعلان ہو چکا ہے جو کہ 14 اپریل تک رہے گا۔ اس درمیان کورونا کے تعلق سے کئی غلط خبریں بھی میڈیا میں آ رہی ہیں اور کئی ریاستوں کی پولس نے اس کے خلاف سخت اقدام کرنے کا عزم کر لیا ہے۔ بہار میں ایک معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ویب پورٹل پر غلط خبر شائع کرنے پر صحافی کو گرفتار کر لیا گیا اور پھر اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق صحافی کا نام پون چودھری ہے اور وہ ویب پورٹل کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس سے قبل وہ ہندی روزنامہ میں بطور رپورٹر کام بھی کر چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ پون چودھری کا تعلق بہار کے مونگیر ضلع میں جمال پور تھانہ علاقہ واقع کیشو پور سے ہے۔ انھیں پولس نے ویب پورٹل پر جمال پور میں کورونا وائرس سے متاثر ایک شخص کی موت کی جھوٹی خبر شائع کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے آج مونگیر جیل بھیج دیا ہے۔


پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی نے اپنے ویب پورٹل پر بھاگلپور ضلع باشندہ کے کورونا وائرس کے انفیکشن سے موت ہوجانے کی خبر شائع کی تھی۔ پولس نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس خبر کی صداقت کی جانچ کرائی۔ جانچ میں خبر کے درست نہیں پائے جانے کے بعد پولس نے اسے کل گرفتار کرلیا تھا اور آج کارروائی کرتے ہوئے صحافی کو جیل بھیج دیا گیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Apr 2020, 10:40 PM