جموں و کشمیر میں 2020 تک وزیر اعظم کا عہدہ بحال کریں گے: شاہ فیصل

امت شاہ کا بیان کہ ’بی جے پی دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کو سال 2020 تک ہٹائے گی‘ کے ردعمل میں شاہ فیصل نےکہا ’جموں کشمیر پیپلز موومنٹ سال 2020 تک جموں و کشمیر میں وزیر اعظم کے عہدے کو بحال کرے گی‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ اُن کی جماعت جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ ریاست میں وزیر اعظم کے عہدے کو سال 2020 تک بحال کرے گی۔

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے بیان کہ ’بی جے پی دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کو سال 2020 تک ہٹائے گی‘ کے ردعمل میں شاہ فیصل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ’جموں کشمیر پیپلز موومنٹ سال 2020 تک جموں و کشمیر میں وزیر اعظم کے عہدے کو بحال کرے گی‘۔

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے گذشتہ روز کہا کہ مودی حکومت جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 اور دفعہ35 اے کو سال2020 تک ختم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان دفعات کے خاتمے کے لئے بی جے پی عوام کے سامنے وعدہ بند ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نشینل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز بانڈی پورہ میں ایک چناوی جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کو حاصل خصوصی پوزیشن کو مزید نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انشاء اللہ صدر ریاست اور وزیر اعظم کے عہدوں کو بحال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عمر عبداللہ سے اس بیان کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثنا مرکزی وزیر خزانہ ارن جیٹلی نے بھی عمر عبداللہ کے اس بیان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمر عبداللہ کے اس بیان کا مقصد علاحدگی پسند فضا پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہندوستان کی کوئی بھی حکومت ایسی حماقت نہیں کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔