جھارکھنڈ: جامتاڑا میں دردناک حادثہ، ٹرین کی زد میں آنے سے کئی لوگوں کی موت، جانچ کمیٹی تشکیل

اَنگ ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سن کر کئی مسافر ٹرین سے کود کر قریب والی ٹریک پر آ گئے، اسی درمیان سامنے سے آ رہی جھاجھا-آسنسول ٹرین مسافروں کے اوپر سے گزر گئی۔

<div class="paragraphs"><p>جامتاڑا ٹرین حادثہ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

جامتاڑا ٹرین حادثہ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے جامتاڑا میں بدھ کی شب دردناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس کی زد میں کم از کم 12 افراد آئے ہیں۔ اس حادثہ میں دو ہلاکتوں کی ریلوے نے تصدیق کر دی ہے، حالانکہ اموات کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ یہ حادثہ کالاجھریا کے پاس پیش آیا ہے جہاں ریلوے ٹریک پر کھڑے کئی لوگ ہلاک ہو گئے اور کچھ دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ ریلوے نے فی الحال دو اموات کی ہی تصدیق کی ہے، جبکہ جامتاڑا کے رکن اسمبلی عرفان انصاری نے تین اموات کی بات کہی ہے۔ کچھ غیر مصدقہ خبروں میں 12 افراد کی موت کی بات کہی جا رہی ہے۔ تاریکی کے سبب ریسکیو مہم میں پریشانی پیش آ رہی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9‘ میں شائع خبر کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والے لوگ اَنگ ایکسپریس میں سوار تھے۔ اچانک کسی نے اَنگ ایکسپریس میں آگ لگنے کی خبر پھیلا دی۔ اس افواہ کی وجہ سے کئی مسافر چلتی ٹرین سے قریبی ریلوے ٹریک پر کود گئے۔ اسی درمیان سامنے سے آ رہی جھاجھا-آسنسول ٹرین ٹریک پر موجود مسافروں کے اوپر سے گزر گئی۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی ریلوے پولیس اور مقامی انتظامیہ کے افسران جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال روانہ کیا۔ مقامی لوگ بھی راحت رسانی میں پولیس و انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔


اس درمیان مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جامتاڑا-کرماٹانڈ کے درمیان کالاجھریا ریلوے ہالٹ پر ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے ایک ٹرین رکی تھی۔ کچھ مسافر ٹرین سے اتر کر ریلوے ٹریک پر کھڑے تھے۔ تبھی وہاں سے ایک دیگر ٹرین گزری جس کی زد میں کئی لوگ آ گئے۔ زخمیوں کو ایمبولنس کی مدد سے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ جامتاڑا کے ڈپٹی کمشنر کا اس واقعہ کے تعلق سے جو بیان آیا ہے اس میں انھوں نے کہا کہ ’’کالاجھریا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین نے مسافروں کو کچل دیا۔ کچھ اموات کی خبر ملی ہے۔ اموات کی صحیح تعداد کی تصدیق بعد میں کی جائے گی۔ میڈیکل تیمیں اور ایمبولنس موقع پر پہنچ چکی ہیں۔‘‘

جامتاڑا کے رکن اسمبلی عرفان انصاری نے اس حادثہ پر افسوس ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس وقت رانچی میں ہیں اور خبر ملتے ہی جامتاڑا کے لیے نکل رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جس کسی کی لاپروائی سے یہ حادثہ ہوا ہے وہ بخشے نہیں جائیں گے۔ جنگی سطح پر ریسکیو کا عمل جاری ہے۔ ریل حادثے کے شکار کنبوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اس حادثہ کی تحقیقات کے لیے جانچ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔


فی الحال اس بات کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ مسافر چلتی ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ سے کودے ہیں یا پھر ریلوے ٹریک پر کھڑے رہنے کے دوران دوسری ٹرین کی زد میں آ گئے۔ ضلع انتظامیہ اور ریلوے انتظامیہ کی طرف سے ابھی تک کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔