جھارکھنڈ: روپوے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کا آپریشن 45 گھنٹے بعد ختم، 3 کی موت

اتوار کی شام 4 بجے تریکوٹ پہاڑ پر روپوے کی ٹرالیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ اس حادثے میں تقریباً نصف درجن ٹرالیاں ہوا میں اٹک گئی تھیں، جن میں کم و بیش 50 افراد سوار تھے۔

روپوے حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
روپوے حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ روپوے حادثہ کے بعد آسمان اور زمین کے بیچ لٹکے کئی افراد اپنی زندگی کے لیے لگاتار دعاء کر رہے تھے۔ 45 گھنٹے بعد پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کا آپریشن ختم ہوا، لیکن اس درمیان 3 افراد ایسے تھے جن کی زندگی کے لیے کی جا رہی دعائیں قبول نہیں ہوئیں۔ ایک کی موت تو 10 اپریل کو حادثہ کے دوران ہی ہو گئی تھی، اور دو کی موت ریسکیو آپریشن کے دوران اونچائی سے نیچے گرنے کے سبب ہو گئی۔

اتوار کی شام 4 بجے تریکوٹ پہاڑ پر روپوے کی ٹرالیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ اس حادثے میں تقریباً نصف درجن ٹرالیاں ہوا میں اٹک گئی تھیں، جن میں کم و بیش 50 افراد سوار تھے۔ جس وقت حادثہ ہوا، اس وقت کچھ لوگ زخمی ہوئے تھے جن میں ایک کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد فوج، آئی ٹی بی پی، این ڈی آر ایف اور مقامی انتظامیہ نے 45 گھنٹے تک ریسکیو مہم چلا کر باقی لوگوں کو بہ حفاظت نکالا۔


آئی ٹی بی پی کا کہنا ہے کہ یہ مشکل ریسکیو آپریشن تھا کیونکہ ہزاروں میٹر کی اونچائی پر لوگ ہوا میں اٹکے ہوئے تھے۔ ان کے پاس پہنچنا انتہائی مشکل تھا۔ ٹرالیوں میں پھنسے لوگوں کو ڈرون کے ذریعہ کھانا اور پانی پہنچایا جا رہا تھا، لیکن پھنسے ہوئے سبھی لوگوں کی سانسیں اٹکی ہوئی تھیں۔ 11 اپریل کو اس وقت لوگوں کی جان ہلک میں آ گئی تھی جب ایک شخص ریسکیو کے دوران ہیلی کاپٹر کے قریب پہنچنے کے بعد نیچے گر گیا اور اس کی موت ہو گئی۔ 12 اپریل یعنی آج بھی اسی طرح کا ایک حادثہ سرزد ہوا جب ایک خاتون ریسکیو کے دوران رسی سے پھسل گئی اور نیچے گرنے سے اس کی موت ہو گئی۔ باقی سبھی لوگوں کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔