جھارکھنڈ: رام گڑھ میں رانچی-پٹنہ ہائی وے پر پیش آیا خوفناک سڑک حادثہ، 4 بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق
نالندہ ضلع کے جنگھارو گاؤں کے 14 افراد اسکارپیو میں سوار ہو کر رام گڑھ ضلع کے رجرپا مندر میں پوجا کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران رام گڑھ کے پینکی کے قریب اسکارپیو کی ایک نامعلوم گاڑی سے زوردار ٹکر ہو گئی۔

جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں رانچی-پٹنہ ہائی وے پر ہفتہ کی دیر رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ رات تقریباً 2 بجے این ایچ-33 پر پینکی علاقے میں اسکارپیو کی ایک دوسری گاڑی سے ٹکر ہو گئی، جس میں 13 افراد کی موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق بہار کے نالندہ ضلع کے جنگھارو گاؤں کے 14 افراد اسکارپیو میں سوار ہو کر رام گڑھ ضلع کے رجرپا مندر میں پوجا کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران رام گڑھ کے پینکی کے قریب اسکارپیو کی ایک نامعلوم گاڑی سے زوردار ٹکر ہو گئی۔
اچانک پیش آئے اس حادثے کے بعد چیخ و پکار مچ گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ حالانکہ ان میں سے 13 افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ ایک مرد کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ مرنے والوں میں 4 بچے، 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔ رام گڑھ صدر اسپتال کے سول سرجن انل کمار کے مطابق مرنے والے بہار کے نالندہ ضلع میں بین تھانہ علاقے کے تحت آنے والے جنگھارو گاؤں کے رہنے والے تھے اور وہ رجرپا میں واقع ’ماں چھن مستیکا مندر‘ میں پوجا کرنے جا رہے تھے۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد رام گڑھ پہنچے متاثرہ خاندان کے ایک رکن نے بتایا کہ پورا خاندان بہار شریف سے رجرپا مندر میں پوجا کرنے آ رہا تھا۔ اسی دوران راستے میں ہائی وے پر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے ایس پی کا فون آیا تھا اور پھر اپنے مقامی پولیس اسٹیشن سے بھی فون آیا۔ مجھے اس کے علاوہ کچھ نہیں معلوم۔ فون آتے ہی میں فوراً موقع پر پہنچ گیا۔ میں جھارکھنڈ میں ہی تھا، اس لیے اب یہاں آ گیا ہوں۔‘‘ خاندان کے رکن نے خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کو بتایا کہ میرے بھائی اسکول چلاتے تھے۔ انہوں نے منت مانگی تھی اور بھابھی کے سرکاری ٹیچر بننے پر وہ رجرپا مندر میں درشن کے لیے آ رہے تھے۔ اسی دوران حادثے میں ان کی موت ہو گئی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
