متحدہ عرب امارات میں بھیانک سڑک حادثہ، ہندوستانی شہریوں سمیت 11 افراد جان بحق، سفارت خانے نے جاری کیا ہیلپ لائن نمبر

یو اے ای کے راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کی ٹکر سے ہندوستانی شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ دبئی میں ہندوستانی قونصل خانے نے تعزیت کرتے ہوئے 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن جاری کی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>
i

نئی دہلی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست راس الخیمہ میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ہندوستانی شہریوں سمیت 11 افراد کی موت ہو گئی۔ دبئی میں واقع ہندوستانی قونصل خانے نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سلسلے میں قونصل خانے نے 24 گھنٹے فعال رہنے والا ٹول فری ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے۔

ہندوستانی قونصل خانے نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ راس الخیمہ میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں متعدد افراد کی جانیں جانے سے اسے شدید دکھ پہنچا ہے۔ مرنے والوں میں ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ قونصل خانے کے مطابق متاثرہ خاندانوں سے رابطہ قائم کیا گیا ہے اور مقامی حکام کے تعاون سے انہیں ضروری مدد اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

قونصل خانے نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔


متاثرہ خاندانوں اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے قونصل خانے نے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 800-46342 جاری کیا ہے، جو چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا۔

اس سے قبل منگل کو یو اے ای کی وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ راس الخیمہ کے علاقے الوطَن روڈ پر ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ایمبولینس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر بچاؤ اور طبی امداد کی کارروائی شروع کی۔ اس دوران علاقے کو محفوظ بنایا گیا اور ٹریفک کی آمدورفت کو بھی منظم کیا گیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس کی رپورٹ عام کی جائے گی۔ وزارت نے بھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 12 نومبر کو یو اے ای کے شہر فجیرہ میں بھی ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں 18 گاڑیاں اور پانچ ٹرک آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔