جھارکھنڈ: صاحب گنج میں 31 لوگوں سے بھری کشتی پلٹی، ایک نوجوان کی لاش برآمد، 3 لاپتہ
گنگا ندی تھانہ علاقہ کے گدائی دیارہ علاقے میں حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ جو لوگ تیرنا جانتے تھے وہ کسی طرح کنارے تک پہنچ گئے لیکن 4 نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گئے۔

تصویر ’آئی اے این ایس‘
جھارکھنڈ کے صاحب گنج ضلع میں کشتی حادثہ پیش آیا ہے۔ آج صبح قریب ساڑھے سات بجے یہاں 31 لوگوں سے بھری ایک کشتی گنگا میں پلٹ گئی جس میں 4 نوجوان ندی میں غرقاب ہو گئے۔ غرقاب نوجوانوں میں ایک کی لاش برآمد کر لی گئی ہے جبکہ تین کی تلاش جا ری ہے۔
گنگا ندی تھانہ علاقہ کے گدائی دیارہ علاقے میں حادثہ اس وقت ہوا جب لوگ کشتی کے سہارے گنگا ندی پار کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 لوگوں میں سے 27 کسی طرح تیر کر باہر نکل آئے جبکہ 4 نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ مقامی لوگوں نے ندی میں ڈبکی لگا کر کاہا ہانسدا نامی شخص کو باہر نکالا لیکن تب تک اس کی موت ہو چکی تھی۔ اس کے ساتھ گئے کرشنا، جمائی اور ایک دیگر نوجوان کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ یہ چاروں نوجوان قبائلی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور بڑہروا بلاک کے بندوواسنی مندر کے پاس واقع ایک گاؤں کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔
دیہی لوگوں نے بتایا کہ یہ سبھی نوجوان رانگا تھانہ علاقے سے صبح سویرے چوہا پکڑنے کے لیے نکلے تھے۔ بارش کے موسم میں جب بلوں میں پانی بھر جاتا ہے تو چوہے باہر نکلتے ہیں اور اسی موقع پر گاؤں کے 17 نوجوان گنگا پار دیارہ علاقے میں پہنچے تھے۔ صبح میں وہ مہاراج پور گھاٹ سے کشتی میں سوار ہوئے اور دیارہ علاقہ پہنچے لیکن واپس ہوتے وقت کشتی پر آس پاس کے دیگر دیہی لوگ بھی چڑھ گئے جس سے اس پر موجود لوگوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی۔ صلاحیت سے زیادہ وزن اور گنگا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور وہ ندی میں پلٹ گئی۔
حادثے کے بعد لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ جو لوگ تیرنا جانتے تھے وہ کسی طرح کنارے تک پہنچ گئے لیکن 4 نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے ایک لاش نکالی گئی جبکہ تین دیگر نوجوان کی تلاش جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور راحت و بچاؤ مہم شروع کی۔ غوطہ خوروں کی ٹیم ندی میں لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کر رہی ہے۔
حادثہ کے بعد مہلوک کاہا ہانسدا کی لاش کو ضلع صدر اسپتال لے جایا گیا۔ ہانسدا کی موت اور تین نوجوانوں کے لاپتہ ہونے سے گاؤں میں ماتم کا ماحول ہے اور اہل خانہ صدمے میں ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے متاثر کنبہ کو ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ادھر صاحب گنج کے ڈپٹی کمشنر ہیمنت ستی نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم کو فوری طور پر پٹنہ کے بہٹا سے بلایا گیا ہے جو سیلاب کی حالت ٹھیک ہونے تک ضلع میں موجود رہے گی۔ وزارت داخلہ سے اس سلسلے میں اجازت مل گئی ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد رہے گی اور گنگا میں ڈوبے لوگوں کی تلاش کے لیے راحت اور بچاؤ کام میں تعاون کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔