جھارکھنڈ: چھٹھ کے دوران 11 افراد کی موت، ڈھائی سال کی بچی بالٹی میں تو کئی بچے تالاب میں ڈوب گئے

پولیس نے بتایا کہ ریاست کے ہزاری باغ، گڑھوا اور سمڈیگا اضلاع میں 5 بچوں کی موت ہو گئی۔ اس سے ایک روز قبل یعنی اتوار کو سمڈیگا اور پلامو اضلاع میں 6 افراد کی ڈوبنے سے موت ہو گئی تھی

<div class="paragraphs"><p>چھٹھ پوجا کا منظر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ میں چھٹھ تہوار کے دوران مختلف ناخوشگوار واقعات میں پانی میں ڈوبنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق، صرف پیر کے روز ہی مختلف مقامات پر 5 بچوں کی ڈوبنے سے موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ریاست کے ہزاری باغ، گڑھوا اور سمڈیگا اضلاع میں 5 بچوں کی موت ہو گئی، جبکہ کئی لوگ لاپتہ بھی ہو گئے۔ اس سے ایک روز قبل یعنی اتوار کو سمڈیگا اور پلامو اضلاع میں 6 افراد کی ڈوبنے سے موت ہو گئی تھی۔

پولیس نے اطلاع دی ہے کہ اتوار کی شام چھٹھ پوجا کے دوران ہزاری باغ کے کوریڈاری تھانہ علاقے کے بیلہ گاوں میں ایک تالاب میں دو لڑکیاں گنگن کماری (11) اور روپا تیواری (12) ڈوب گئیں اور وہ جانبر نہیں ہو سکیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق 13 سالہ راہل کمار پیر کی دوپہر گڑھوا کے صدر تھانہ علاقے کے تحت دانرو ندی میں نہاتے وقت ڈوب گیا۔ صدر پولیس تھانہ کے انچارج سنیل تیواری نے بتایا کہ راہل ندی میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلا گیا جہاں سے وہ واپس نہیں آ پایا۔ مقامی لوگوں نے اسے پانی سے نکالا اور صدر اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔


ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سمڈیگا ضلع کے بانو تھانہ علاقے کے مینگسور گاوں میں پیر کو ایک ڈھائی سالہ بچی پانی سے بھری بالٹی میں ڈوب گئی۔ واقعہ کے وقت لڑکی اور اس کی دادی گھر پر موجود تھیں۔ دادی دوسرے کمرے میں چلی گئیں لیکن جب وہ واپس آئیں تو لڑکی کو بالٹی میں ڈوبا ہوا پایا۔ اسی طرح پولیس نے بتایا کہ پیر کی شام کو چھٹھ پوجا کے دوران ارگھیہ دینے کے بعد سرائے کیلا-کھرساواں ضلع کے چنڈیل تھانہ علاقے میں سہربیرا کے قریب سبرنا ریکھا ندی میں ایک نابالغ لڑکا ڈوب گیا۔

چنڈیل تھانہ انچارج دلشان بیروا نے بتایا کہ 14 سالہ آرین یادو ندی کے خطرے والے علاقے میں چلا گیا اور ڈوبنے لگا۔ اس کے بعد پرتیک کمار یادو (19) اور سنجے سنگھ (45) اسے بچانے کے لیے ندی میں کود گئے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم اور مقامی غوطہ خوروں نے لڑکے کی لاش برآمد کر لی جب کہ دو لاپتہ افراد کی تلاش آج صبح پھر شروع کی گئی۔


اس دوران ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پیر کو پلامو میں ایک 16 سالہ لڑکا نہر میں کودنے کے بعد لاپتہ ہو گیا۔ یہ واقعہ حسین آباد تھانہ علاقہ کے تحت وشنو پور گاوں میں چورا پل کے قریب پیش آیا۔ اتوار کی شام سمڈیگا میں تالاب میں ڈوب کر تین بچے اور پلامو ضلع میں اسی طرح کے ایک واقعے میں تین دیگر کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔