جیور: وزیر اعظم نریندر مودی نے ’نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ کا سنگ بنیاد رکھا

پی یم مودی نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ مرمت، دیکھ بھال اور طیاروں کی نقل و حمل کا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔ 40 ایکڑ میں تعمیر ہو رہے اس مرکز سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا۔

پی ایم مودی / ٹوئٹر
پی ایم مودی / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا: اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل اتر پردیش کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور سوغاتیں پیش کر رہے ہیں۔ پوروانچل اور بندیل کھنڈ میں کئی اعلانات کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی جمعرات کے روز مغربی اتر پردیش میں ضلع گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) کے جیور پہنچے۔ یہاں انہوں نے ریاست کے پانچویں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد رکھا۔ نوئیڈا کا یہ گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہندوستان کا پہلا آلودگی سے پاک ایئرپورٹ ہوگا۔

اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ مرمت، دیکھ بھال اور طیاروں کی نقل و حمل کا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔ 40 ایکڑ میں تعمیر ہو رہے اس مرکز سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایئرپورٹ شمالی ہندوستان کا لاجیسٹک گیٹ وے (مال ڈھلائی کا مرکز) کے طور پر خدمات انجام دے گا۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ چونکہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے بڑے شہروں سے براہ راست منسلک ہوگا لہذا اس سے کسانوں کی سبزیاں، پھل اور مچھلیاں برآمد کی جا سکیں گی۔ اس سے چھوٹے کاروبار کو بہت فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 7 عشروں بعد صوبہ یوپی کو وہ سب ملنا شروع ہو گیا ہے، جس کا وہ حقدار ہے۔ ’ڈبل انجن‘ حکومت کا شکریہ کہ آج یوپی ملک میں سب سے زیادہ روابط والا صوبہ بن گیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’بی جے پی حکومت نے 20 برس قبل یہاں ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ تاہم یہ سابقہ دہلی اور لکھنؤ کی حکومت کے مابین آپسی لڑائی کی نذر ہو گیا تھا۔ یہاں تک کہ گزشتہ ریاستی حکومت نے تو اس پروجیکٹ کو روکنے کے لئے خط بھی ارسال کیا تھا۔ لیکن آج ہم یہاں ’بھومی پوجن‘ کے گواہ بن رہے ہیں۔‘‘

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ تیز کئے گئے ترقیاتی کاموں کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے شہریوں نے ایک بدلتے ہوئے ہندوستان کو دیکھا ہے۔ ایک ہندوستان بنتے دیکھا ہے۔ انہوں نے اسے ترقی کا 'یگیہ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوئیڈا ائیر پورٹ کے لئے زمین دینے والے کسان مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'میں ان 700 کسانوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے بغیر کسی دباؤ کے خود ہی لکھنؤ آکر ائیر پورٹ کے لئے اپنی زمینیں دی تھیں۔ یہ بدلتے اترپردیش کی تصویر ہے۔

اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا، مرکزی وزیر سنجیو بالیان، مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل، سابق مرکزی وزیر اور مقامی ممبر پارلیمنٹ مہیش شرما کے علاوہ ریاستی حکومت کے کئی وزراء، ممبران اسمبلی، ایم ایل اے اور بی جے پی لیڈران بھی موجود رہے۔

خیال رہے کہ نوئیڈا کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ ایشیا کا سب سے بڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا۔ اسی کے ساتھ اتر پردیش ہندوستان کی پہلی اور واحد ریاست بن گئی ہے جس کے پاس 5 بین الاقوامی ایئرپورٹس ہیں۔ قومی راجددھانی خطہ دہلی میں یہ دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہوگا۔ اس سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دباؤ کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ دراصل گزشتہ 30-35 سالوں سے اس علاقے میں اس طرح کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

اگلے 3 سالوں میں یعنی 2024 تک اس ایئرپورٹ سے فلائٹ سروس شروع ہو جائے گی اور اس کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد یہاں سے سالانہ ایک کروڑ 20 لاکھ مسافر پرواز کر سکیں گے۔ اس سے مغربی اتر پردیش کے این سی آر علاقے کے گوتم بدھ نگر، بلند شہر، علی گڑھ، ہاپوڑ، غازی آباد، میرٹھ اور ملحقہ اضلاع میں رہنے والے کروڑوں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس علاقے میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔