جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گویل 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیجے گئے

ای ڈی نے یکم ستمبر کو طویل پوچھ تاچھ کے بعد منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت نریش گویل کو گرفتار کیا تھا، اس کے بعد انھیں ممبئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایئرلائنز کمپنی جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گویل کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ کینرا بینک کے 538 کروڑ روپے کے گھوٹالہ سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں ممبئی کی ایک عدالت نے انھیں 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ انھیں ای ڈی کی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد جمعرات کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔ جانچ ایجنسی کے ذریعہ ریمانڈ کا مطالبہ نہیں کیے جانے پر عدالت نے گویل کو عدالتی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا۔

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے یکم ستمبر کو طویل پوچھ تاچھ کے بعد منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت نریش گویل کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد انھیں ممبئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے پایا کہ جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گویل نے مختلف ٹرسٹوں کی تشکیل کی اور ہیرا پھیری کر ہندوستان سے بیرون ممالک میں پیسہ بھیجا، پھر اس پیسے سے ملکیتیں خریدیں۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ کی خصوصی عدالت سے کہا کہ ہیرا پھیری والی بیشتر رقم بیرون ملکی اکاؤنٹس میں رکھی گئی ہیں۔


اس معاملے میں ہندوستانی کی سرکردہ پرائیویٹ ایئرلائن چلا چکے صنعت کار نریش گویل نے دعویٰ کیا کہ ہوابازی شعبہ بینک قرض کی طاقت پر ہی چلتا ہے اور پوری رقم کو منی لانڈرنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ملزم کے بیانات سے پہلی نظر میں اشارہ ملتا ہے کہ انھوں نے ملک و بیرون ملک میں اپنے سبھی بینک اکاؤنٹس اور منقولہ و غیر منقولہ ملکیتوں کی تفصیل دینے سے بچنے کی کوشش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔