جہان آباد: عدالت میں گھس کر شخص نے چلائے جج پر پتھر، لوگوں میں مچی افرا تفری

جہان آباد سول کورٹ واقع ایکسائز ون کے جج پشپم کمار جھا بال بال بچے۔ سٹی پولیس ملزم شخص سے پوچھ تاچھ کرکے اس کی تفصیلات جاننے میں مصروف ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جہان آباد سول کورٹ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: سول کورٹ جہان آباد میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایک شخص نے ایکسائز ون کے جج کے سیشن میں گھس کر پتھر پھینک کر حملہ کر دیا۔ اچانک حملے سے لوگ حیران رہ گئے اور وہاں موجود سیکوریٹی اہلکاروں کے تعاون اسے اس شخص کو پکڑ لیا گیا اور اسے مقامی شہری تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعہ جمعہ کی شام کا ہے لیکن یہ معاملہ اب روشنی میں آیا ہے۔ پولیس اس شخص سے پوچھ تاچھ کرنے کے ساتھ ساتھ معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہے۔

دراصل جہان آباد سول کورٹ واقع ایکسائز ون کے جج پشپم کمار جھا اپنے سیشن میں بیٹھ کر معاملے کی سماعت کر رہے تھے۔ اسی وقت ایک شخص اندر داخل ہوا اور پتھر پھینکنے لگا اور پتھر کرسی کی طرف بھی جا گرا۔ خوش قسمتی رہی کہ جج صاحب کو کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ حالانکہ پتھر کے ایک ٹکڑے سے ہاتھ میں چوٹ لگنے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ اچانک اس طرح کا معاملہ پیش آ جانے سے لوگ دنگ رہ گئے، پھر فوراً ہی اس شخص کو پکڑ لیا گیا۔ اس کے بعد جج صاحب کی ہدایت پر اسے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔


سٹی پولیس ملزم شخص سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ اس معاملے میں پولیس سربراہ دیواکر وشوکرما نے بتایا ہے کہ پکڑے گئے شخص کا نام اکھلیش کمار ہے اور وہ جہان آباد ضلع کے پرسا بگہا تھانہ کے سوہرئیا گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس بابت ایس ڈی پی او راجیو کمار سنگھ نے بتایا کہ ایک شخص کو سول کورٹ کے اندر شرارت کرنے کے الزام میں پکڑا گیا ہے اور اسے تھانے لاکر پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔

حراست میں لیے گئے شخص کے ذہنی طور پر معذور ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ اس کے کاغذات اور دیگر تفصیلات کی جانکاری حاصل کی جا رہی ہے۔ جانچ کے بعد ملزم شخص کے خلاف آگے کی کارروائی ہوگی۔ بہرحال! عدالت جیسی حساس جگہ پر اس طرح کی واردات کا ہونا کہیں نہ کہیں عدالت کے سیکوریٹی انتظامات پر سوال کھڑے کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔