بہار: نتیش خیمہ میں بغاوت شروع، رکن اسمبلی نے دیا استعفیٰ

بہار میں بگڑتے نظام قانون سے ناراض ہو کر بڑہریا سے جنتا دل یو کے رکن اسمبلی شیام بہادر سنگھ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب حلقہ کے لوگ ہی پریشان ہیں تو ان کا رکن اسمبلی بنے رہنا مناسب نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب سے پہلے جنتا دل یو میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف بغاوت شروع ہو گئی ہے۔ جنتا دل یو کے رکن اسمبلی شیام بہادر سنگھ نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے اپنا استعفیٰ ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ کی رہائش پر جا کر سونپا۔ لیکن وششٹھ نارائن سنگھ ابھی دہلی میں ہیں اس لیے رکن اسمبلی کی ان سے ملاقات نہیں ہو پائی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جنتا دل یو رکن اسمبلی بہار میں بگڑتے نظام قانون اور نتیش حکومت کے طریقہ کار سے ناراض چل رہے تھے۔

خبروں کے مطابق استعفیٰ دینے کی وجہ بتاتے ہوئے رکن اسمبلی شیام بہادر سنگھ نے کہا کہ وہ نتیش حکومت میں سسٹم سے کافی ناراض ہیں۔ ان کے ضلع سیوان میں افسران ان کی بات نہیں سنتے ہیں۔ انھوں نے آگے کہا کہ پنچروکھی میں بند ہوئی چینی فیکٹری پر زمین مافیاؤں کے ذریعہ قبضہ کیا جا رہا ہے۔ جب غریب لوگوں نے اس بات کی مخالفت کی تو سینکڑوں لوگوں پر فرضی مقدمہ کر دیئے گئے۔

انھوں نے آگے کہا کہ زمین مافیا کی حرکتوں کو لے کر کئی بار ضلع انتظامیہ سے شکایت کی۔ لیکن اس پر کارروائی کرنا تو دور، ان کی بات بھی نہیں سنی گئی۔ جنتا دل یو کے رکن اسمبلی نے کہا کہ جب ان کے علاقے کے لوگ ہی پریشان رہیں گے تو ان کا رکن اسمبلی بنے رہنا ٹھیک نہیں ہے۔ اسی وجہ سے وہ اپنا استعفیٰ دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔