جینت چودھری نے اپنا سَرنیم بدل کر ’بشنوئی‘ کر لیا، آئیے جانتے ہیں وجہ

راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت سنگھ چودھری نے اپنا سَر نیم یعنی عرفی نام بدل لیا ہے، انھوں نے چودھری کی جگہ پر بشنوئی نام لگا لیا ہے۔

جینت چودھری / ٹوئٹر
جینت چودھری / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت سنگھ چودھری نے اپنا سَر نیم یعنی عرفی نام بدل لیا ہے، انھوں نے چودھری کی جگہ پر بشنوئی نام لگا لیا ہے۔ یعنی ان کا نام ہو گیا ہے جینت سنگھ بشنوئی۔ لیکن اپنا یہ نام انھوں نے محض ایک ماہ کے لیے بدلا ہے۔ دراصل انھوں نے ایسا اس لیے کیا ہے تاکہ ذات اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہ ہو۔ مانا جا رہا ہے کہ سدھو موسیٰ والا کے قتل کے بعد بشنوئی سماج کو ہدف بنایا جا رہا ہے، اور اسی لیے جینت چودھری نے فیصلہ لیا کہ اپنا نام بدل کر لوگوں میں صحیح پیغام پہنچائیں گے۔ جینت کی دلیل ہے کہ میڈیا اس معاملے میں پرامن بشنوئی سماج کو بدنام کر رہا ہے۔

جینت چودھری نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے منگل کے روز ایک ٹوئٹ کیا جس میں کہا ہے کہ ’’کیا آپ جانتے ہیں، میرے نام میں چودھری اجیت سنگھ جی کی خواہش کے مطابق کمار بھی ہے؟ ماں جی کی یاد میں اور پرامن بشنوئی سماج کے احترام میں جون ماہ کے لیے ٹوئٹر پر نام جوڑا ہے۔ ایسے وقت جب مذہب اور ذات پر مبنی بنٹواروں پر بحث چل رہی ہے، شاید کچھ لوگوں کی آنکھوں سے پردہ اٹھ جائے۔‘‘ راجیہ سبھا رکن بننا طے مانے جا رہے جینت چودھری کے اس فیصلے کا بشنوئی سماج نے استقبال کیا ہے۔ بشنوئی سماج کا جانا مانا نام منوہر بشنوئی نے جینت چودھری کو ری ٹوئٹ کر کہا ’’مثبت سوچ، قابل تعریف پہل۔‘‘


واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسیٰ والا کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ کا نام سامنے آ رہا ہے اور سوشل میڈیا پر لوگ پورے بشنوئی سماج کو ہدف بنا رہے ہیں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ انہی سب واقعات کو دیکھتے ہوئے جینت چودھری نے سَر نیم بشنوئی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */