آندھرا کے ساحل سے آج ٹکرائے گا ’جواد‘، 54 ہزار افراد کا انخلا، اوڈیشہ کے 19 اضلاع میں اسکول بند

محکمہ موسمیات کے مطابق گردابی طوفان کچھ وقفہ کے لئے ایک بڑے سمندری طوفان میں تبدیل ہو جائے گا اور 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں

سمندری طوفان، تصویر آئی اے این ایس
سمندری طوفان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

امراوتی / بھونیشور: خلیجِ بنگال میں پیدا ہونے والا گردابی طوفان ’جواد‘ آج یعنی ہفتہ کے روز شمالی آندھرا میں پہنچ سکتا ہے۔ اس طوفان کے سبب آندھرا پردیش، اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں بھاری تباہی ہونے کا خدشہ ہے۔ جان و مال کے ممکنہ خطرے کو کم کرنے کے لئے آندھرا پردیش حکومت نے تین اضلاع سے 54008 لوگوں کا انخلا کر کے انہیں محفوظ مقامات تک پہنچا دیا ہے۔ راحتی ٹیموں نے شریکاکولم ضلع سے 15755، وجے نگرم سے 1700 اور وشاکھاپٹنم سے 36553 افراد کا انخلا کیا ہے۔

حکومت نے اسکولوں اور عوامی ہالز میں 197 راحتی کیمپ قائم کئے ہیں۔ ریاست میں این ڈی آر ایف کی 11 ٹیموں کو تعینات کیا یگا ہے جبکہ ایس ڈی آر ایف کی پانچ اور کوسٹ گارڈ کی چھ ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

طوفان کے پیش نظر ریاستی حکومت نے حکم جاری کیا ہے کہ گرام پنچایتیں اور ضلع کلکٹریٹ دن رات کام کریں گی۔ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے دو ہیلی کاپٹروں کو تیار رکھا گیا ہے۔ حکومت نے راحتی کاموں کے لئے ایک کروڑ روپے بھی واگزار کئے ہیں۔.


ادھر، اوڈیشہ حکومت نے گردابی طوفان جواد کے پیش نظر ریاست کے 19 اضلاع میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اسکول اور محکمہ عوامی تعلیم کے حکم کے مطابق اوڈیشہ کے 19 اضلع میں محکمہ سے منسلک تمام سرکاری، امداد حاصل کرنے والے اور نجی اسکول گردابی طوران جواد کے پیش نظر 4 دسمبر کو بند رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */