دہلی سمیت ملک بھر میں جنم اشٹمی کی تقریبات، اہم شخصیات نے پیش کی مبارک باد

ملک کی راجدھانی دہلی سمیت دیگر تمام ریاستوں میں جمعہ کے روز شری کرشن جنم اشٹمی کا تہوار دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر تمام مندروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی سمیت دیگر تمام ریاستوں میں جمعہ کو شری کرشن جنم اشٹمی کا تہوار دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے۔ تمام مندروں میں ہاتھی گھوڑا پالکی، جے کنہیا لال کی گونج سنائی دے رہی ہے اور مندروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

راجدھانی دہلی میں صبح سے ہی لڈو گوپال کے درشن کے لیے مندروں میں رش ہے اور عقیدت مند قطار میں کھڑے ہو کر کنہیا کے درشن حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں دو سال بعد دہی ہانڈی توڑنے کی تیاریاں زوروشور سے کی گئی ہیں اور گووندا اپنی ٹیم کے ساتھ ہانڈی توڑنے کے لیے تیار ہیں۔


جنم اشٹمی کے موقع پر صدر دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، پارٹی لیڈر راہل گاندھی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا سمیت کئی دیگر لیڈروں نے جنم اشٹمی کی مبارکباد پیش کی۔

محترمہ مرمو نے ٹوئٹ کیا کہ ’’تمام ہم وطنوں کو جنم اشٹمی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد۔ بھگوان کرشن کی زندگی لیلا ہمیں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بے لوث کام کرنے کا درس دیتی ہے۔ میری خواہش ہے کہ یہ مقدس تہوار ہم سب کو سوچ، قول اور عمل سے سب کے مفادات کو ترجیح دینے کی ترغیب دے۔‘‘

شری کرشنا جنم اشٹمی کے موقع پر ایک پیغام میں نائب صدر دھنکھر نے کہا کہ ’’شریمد بھگوت گیتا کی تعلیمات لازوال ہیں اور ہمیشہ انسانیت کو ترغیب دیتی رہیں گی۔ "آپ کو جنم اشٹمی کی بہت بہت مبارکباد۔"


اپنے پیغام میں مودی نے کہا کہ ’’جنم اشٹمی کے پرمسرت موقع پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ دعا ہے کہ عقیدت اور جوش کا یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور خوش قسمتی لائے۔ شری کرشن زندہ باد!"

جے پی نڈا نے اپنے پیغام میں کہاکہ "شری کرشن جنم اشٹمی کے مقدس تہوار پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ شری کرشن زندہ باد!" امت شاہ نے کہاکہ "سب کو سری کرشنا جنم اشٹمی کی بہت بہت مبارکباد۔"

اس کے علاوہ کانگریس صدر نے اپنے پیغام میں کہاکہ ’’جنم اشٹمی کے پرمسرت موقع پر میں تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ آئیے، جنم اشٹمی کے پرمسرت دن بھگوان کرشنا کی عظیم تعلیمات کو یاد کریں، جو صدیوں سے ہمارے لیے نیکی کے راستے پر چلنے کے لیے تحریک کا ذریعہ رہی ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے کہاکہ "تمام ہم وطنوں کو جنم اشٹمی کی بہت بہت مبارکباد دیتے ہوئے میری خواہش ہے کہ بھگوان شری کرشن کی مہربانی سب پر قائم رہے۔"


پرینکا گاندھی نے بھجن کی لائنوں کے ساتھ بھگوان کرشنا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "شری کرشن گووند ہرے مراری، اے ناتھ نارائن واسودیو۔ شری کرشنا جنم اشٹمی کے پرمسرت موقع پر آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ دیوکنندن بھگوان شری کرشنا کی برکتیں آپ سب کے ساتھ رہیں۔ جے شری رادھے کرشن۔"

دہلی میں جنم اشٹمی کے موقع پر اسکان مندر میں دو سال بعد شری کرشن جنم اتسو شاندار طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پورے اسکان مندر کو رنگ برنگی روشنیوں اور پھولوں سے سجایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ متھرا کو بھی شری کرشن کے رنگ میں رنگ دیا گیا تھا۔ یہاں آج مندروں میں کرشن جنم اشٹمی منانے کی تیاریاں زوروں پر ہیں! جمعرات کی شام سے شروع ہونے والے جنم اشٹمی کی تقریبات کے ساتھ ہی متھرا کے مندروں میں بھیڑ امڈ پڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔