کشمیر میں 10 اکتوبر سے ہٹ جائے گی سیاحوں کی آمد پر لگی پابندی: حکومت کا دعویٰ

آئندہ 10 اکتوبر سے سیاح وادی کشمیر کی سیر کرنے پہنچ سکیں گے۔ جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد یہ اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر سے خصوصی ریاست کا درجہ چھینے جانے یعنی دفعہ 370 ختم کیے جانے کے بعد کشمیر آئے ہوئے سیاحوں کو فوراً واپسی کا حکم دینے والی ایڈوائزری واپس لے لی گئی ہے۔ حکومت نے سیاحوں کے کشمیر آنے پر لگی پابندی کو 10 اکتوبر سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گورنر ستیہ پال ملک نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے حالات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد یہ اعلان کیا۔ قابل غور ہے کہ جولائی کے آخری ہفتہ میں جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے ایڈوائزری جاری کر کے سیاحوں کو فوری طور پر کشمیر چھوڑنے کی ہدایت دی تھی۔


میٹنگ میں سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ہفتہ میں وادی کے زیادہ تر علاقوں میں پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہایر سیکنڈری اسکول اور کالج و یونیورسٹیز بھی کھول دئیے گئے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ چلنے شروع ہو چکے ہیں اور ضلع میں لوگوں کی سہولت کے لیے 25 انٹرنیٹ کیوسک قائم کیے گئے ہیں۔


میٹنگ میں بی ڈی سی انتخاب کے ایشو پر بھی غور و خوض ہوا۔ اس دوران دعویٰ کیا گیا کہ ان انتخابات کو لے کر لوگوں میں جوش ہے۔ جائزہ میٹنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ جیل میں بند لیڈروں سے ملنے کے لیے پارٹیوں کو اجازت دے دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ میٹنگ میں مشیروں کے علاوہ چیف سکریٹری بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Oct 2019, 2:04 PM