جموں: تیز بارش کے بعد ویشنو دیوی راستے پر لینڈ سلائڈ، 7 عقیدت مند زخمی، کئی کے دبے ہونے کا اندیشہ
محکمہ موسمیات نے جموں علاقے میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی تھی۔ مانا جا رہا ہے کہ مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے پہاڑوں کی مٹی ڈھیلی ہو گئی ہے جس سے یہ لینڈ سلائڈ ہوا۔

ویڈیو گریب/یوٹیوب
جموں و کشمیر کے کٹرا واقع مشہور ویشنو دیوی یاترا راستے میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ کٹرا سے ماتا ویشنو دیوی بھون کی طرف جانے والے راستے میں بان گنگا کے پاس اچانک لینڈ سلائڈ ہو گیا۔ اس حادثے میں 2 مقامی باشندوں سمیت 7 عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ اس لینڈ سلائڈ واقعہ سے گھوڑا پٹھو اور پالکی وغیرہ کی خدمات کو ہموار کرنے کو لے کر ایم ٹیک کمپنی کے ذریعہ قائم پری پیڈ کاؤنٹر بھی پوری طرح سے تباہ ہو گیا۔
حادثے میں زخمی لوگوں کو ابتدائی علاج کے لیے کٹرا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے ایمبولنس اور میڈیکل ٹیم فوراً موقع پر بھیج دی گئی ہے۔
اس لینڈ سلائڈ کی زد میں آ کر مزید عقیدت مندوں کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ اطلاع ملتے ہی شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ، مقامی انتظامیہ، پولیس ٹیم، سی آر پی ایف، آفات انتظامیہ دستہ وغیرہ راحت و بچاؤ کام میں تیزی سے لگ گئے ہیں۔ حالانکہ مسلسل ہو رہی تیز بارش سے راحت و بچاؤ کام میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے جموں علاقے میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی تھی۔ مانا جا رہا ہے کہ مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے پہاڑوں کی مٹی ڈھیلی ہو گئی ہے جس سے یہ لینڈ سلائڈ ہوا۔ انتظامیہ نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور موسم کی جانکاری لے کر ہی سفر کریں۔
شرائن بورڈ کے افسران حالات پر نظر بنائے ہوئے ہیں اور جلد ہی راستہ پھر سے کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ حالات اب قابو میں ہیں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یاتریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر پر توجہ نہ دیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔