تمل ناڈو کے سیاح کی کشمیر میں موت، محبوبہ شرمسار، عمر برہم

پتھراؤ کے واقعہ میں سیاح کی موت ہوجانے پر محبوبہ مفتی نے کہا  ’میرا سر شرم سے جھک گیا ہے‘ جبکہ عمر عبداللہ نے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ناربل میں پتھراؤ کے ایک واقعہ میں تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی موت واقع ہوجانے کے واقعہ پراپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرا سر شرم سے جھک گیا ہے‘۔

ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ22 سالہ آر تھرومنی ولد راجولی ساکنہ چنئی کی موت واقع ہوجانے کی خبر ملتے ہی وزیر اعلیٰ گذشتہ رات پولس کنٹرول روم پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے مہلوک سیاح کے افراد خانہ سے ملاقات کرکے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران مہلوک سیاح کے والد راجولی نے محبوبہ مفتی کو بتایا کہ وہ گلمرگ کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران ایک پتھر آکر تھرومنی کے سر اور چہرے پر لگ گیا۔ مفتی نے مہلوک سیاح کے والد کو بتایا کہ اس واقعہ سے اُن کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

ادھر نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پتھراؤ کے واقعہ میں تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے سیاح کی موت واقع ہوجانے کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ان کی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پتھراؤ کرنے والے غنڈوں، ان کے طریقوں اورنظریہ کی حمایت نہیں کرتا۔

عمر عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا۔ ’’چنئی سے تعلق رکھنے والے اس سیاح کی موت میرے حلقہ انتخاب میں واقع ہوئی۔ میں ان غنڈوں کی حمایت نہیں کرتا ہوں۔ میں ان کے طریقوں اور نظریہ کی بھی حمایت نہیں کرتا۔ میں معافی چاہتا ہوں کہ یہ واقعہ اُس علاقہ میں پیش آیا جس کی میں 2014 سے نمائندگی کررہا ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا ’’یہ جان کر بھی دکھ ہوتا ہے کہ ناربل میں پتھراؤ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ہندواڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک جواں سال خاتون بھی ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ اور دیگر زخمی بہت جلد صحت یاب ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ہم نے چلتی گاڑی پر پتھر مار کر ایک سیاح کو ہلاک کردیا۔ آیئے اس حقیقت کو مان لیتے ہیں کہ ہم نے ایک مہمان کو پتھر سے ہلاک کیا ہے۔‘‘

عمرعبداللہ نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور اس کی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا ’’جموں وکشمیر حکومت فیل ہوچکی ہے۔ وزیر اعلیٰ فیل ہوچکی ہے۔ بی جے پی-پی ڈی پی اتحاد فیل ہوچکا ہے۔ عزت مآب وزیراعظم کی طرف سے جموں و کشمیر کی صوررتحال کی سنگینی کے ادراک تک کشمیر میں کتنا خون بہایا جانا ہے؟۔‘‘

حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے پتھراؤ میں تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے سیاح کی موت پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ میرواعظ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ’پتھراؤ کے نتیجے میں سیاح کی موت واقع ہوجانے کی خبر سے بہت دکھی ہوں۔ اس غنڈہ گردی کی مذمت کرتا ہوں۔ یہ واقعہ ہمارے سیاحوں جن کو ہم اپنے معزز مہمان مانتے ہیں، کے ساتھ پیش آنے کے اقدار کے بالکل منافی ہے۔ ایسے واقعات عوامی تحریک کو بدنام کرنے کا سبب بن سکتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ ضلع بڈگام کے ناربل میں گلمرگ روڑ پر پیر کے روز پتھراؤ کے ایک واقعہ میں چنئی سے تعلق رکھنے والا ایک 22 سالہ سیاح جاں بحق ہوا۔ پتھراؤ کے اس واقعہ میں ہندواڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک جواں سال لڑکی سمیت تین دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پولس نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ’’معلوم ہوا ہے کہ ناربل میں پیر کی صبح مقامی نوجوانوں کے ایک گروپ نے گلمرگ روڑ پر چلنے والی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔‘‘ انہوں نے کہا ’’22 سالہ آر تھرومنی ولد راجاویل ساکنہ چنئی کے سر اور چہرے پر پتھر لگنے سے زخمی ہوا۔‘‘ پولس نے بتایا کہ ’’زخمی سیاح کو سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا ’جس وقت پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا مہلوک سیاح دیگر سیاحوں کے ہمراہ گاڑی میں گلمرگ کی طرف جارہا تھا۔‘‘

اس واقعہ میں ہندواڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک جواں سال لڑکی سمیت تین دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس واقعہ سے قبل 2 مئی کو جنوبی کشمیر میں ناڑ پورہ سے شوپیان کی طرف آرہی رینبو انٹرنیشنل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ شوپیان کی گاڑی پر کچھ نوجوانوں نے زاوورہ کے مقام پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ایک کمسن طالب علم پتھر لگنے سے زخمی ہوا تھا۔

اس سے ایک روز قبل اننت ناگ پہلگام روڑ پر پیش آئے پتھراؤ کے ایک واقعہ میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے چھ سیاحوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولس تھانہ ماگام میں ایف آئی آر نمبر 57 درج کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 May 2018, 12:23 PM