جموں: ’بی جے پی اپنی مخالف پارٹیوں کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے‘

جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ کا الزام ہے کہ بی جے پی اپنی مخالف جماعتوں کو توڑنے اور ان کے لیڈروں کو ڈرانے دھماکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ کا الزام ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اپنی مخالف جماعتوں کو توڑنے اور ان کے لیڈروں کو ڈرانے دھماکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، پنتھرس پارٹی کو سب سے بڑا دشمن سمجھتی ہے کیونکہ ہم اس پارٹی کو بے نقاب کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلونت سنگھ منکوٹیہ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے وہ کن وجوہات پر پارٹی کی صدارت و بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوئے۔ موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک مقامی نیوز پورٹل کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ’بی جے پی اپنی مخالف پارٹیوں کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، لیڈروں کو ڈرایا جا رہا ہے انہیں مختلف کیسز میں پھنسایا جا رہا ہے اور بعض لیڈروں کو لالچ دیا جا رہا ہے‘۔

موصوف نے کہا کہ بی جے پی پنتھرس پارٹی کو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’بی جے پی، پنتھرس پارٹی کو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتی ہے کیونکہ ہم اس پارٹی کو بے نقاب کر رہے ہیں، یہ پارٹی جو لوگوں کے ساتھ دھوکے کر رہی ہے ہم ان کو اجا گر کرتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ پنتھرس پارٹی ہی بی جے پی کو سب سے بڑا خطرہ نظر آتا ہے۔ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ان کو بھی ڈرایا دھمکایا گیا۔

ان کا کہنا تھا: ’مجھے بھی پہلے لالچ دیا گیا اورجب میں نے نہیں مانا تو ڈرایا دھمکایا گیا جس کے ٹھوس شواہد میرے پاس موجود ہیں‘۔ موصوف نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں تباہی کی ہے اس لئے آنے والے وقت میں اس جماعت کے حالات خراب ہونے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں کیونکہ نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انسان کا فرض ہے یہی اور تمام مذہبی کتابوں کا پیغام بھی ہے۔ بلونت سنگھ منکوٹیہ کے پارٹی کی صدارت و بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے پر سنگھ نے کہا: ’منکوٹیہ جی سے بات چیت ہو رہی ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ کن وجوہات کی بنا پر لیا لیکن میں کہوں گا یہ جلد بازی میں لیا گیا ایک فیصلہ ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم منکوٹیہ جی کو پارٹی میں واپس آکر صدراتی عہدہ سنبھالنے کی اپیل کرتے ہیں کیونکہ ان کا اس وقت پارٹی کو چھوڑنا ایک غلط پیغام دیتا ہے۔ جموں وکشمیر اپنی پارٹی میں لیڈروں کے شامل ہونے پر موصوف نے کہا: ’جموں و کشمیر اپنی پارٹی سرمایہ داروں کی پارٹی ہے ہم غریب لوگ ہیں کسی کو نہیں خرید سکتے ہیں جو لوگ خود ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں وہ آتے ہیں‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔