جموں و کشمیر میں 'جوں کی توں صورتحال' برقرار رہے گی: لیفٹیننٹ گورنر

منوج سنہا نے کہا کہ یہ بات پوری دنیا جانتی ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ امن اور ترقی پسند ہیں اور حکومت بھی ان کی امیدوں پر کھرا اتر رہی ہے۔

منوج سنہا، تصویر یو این آئی
منوج سنہا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر سے متعلق حالیہ افواہوں کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونین ٹریٹری میں 'جوں کی توں صورتحال' برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات پوری دنیا جانتی ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ امن اور ترقی پسند ہیں اور حکومت بھی ان کی امیدوں پر کھرا اتر رہی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'عوام کی آواز' کی تیسری قسط میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'پچھلے کچھ مہینوں سے جس طرح سے ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جا رہی ہے، موسم سرما میں بڑی تعداد میں سیاح یہاں آئے، جس طرح سے کورونا کا ہم سب نے مقابلہ کیا ہے یہ کچھ لوگوں کو اچھا نہیں لگا ہے'۔

منوج سنہا نے کہا کہ 'ان لوگوں نے معصوم لوگوں کے جذبات کو بھڑکانے کا کام کیا اور غلط افواہیں پھیلانے کی کوششیں کیں۔ میں ان افواہوں کو پوری ذمہ داری سے خارج کرتا ہوں۔ آج جو جموں و کشمیر کی صورتحال ہے وہی بنی رہنے والی ہے۔ میں اس بات کو پھر سے دہرانا چاہتا ہوں'۔ منوج سنہا نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ بعض لوگوں نے کئی برسوں تک یہاں کے لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا، نوجوان کو گمراہ کیا اور زندگی کو مشکل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 'میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ افواہوں پر کان دھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ امن، سکون اور ترقی ہی اب جموں و کشمیر کا مقصد اور مستقبل ہے'۔


لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مفاد پرست عناصر نے دنیا کے سامنے کشمیر کی پہچان الگ ہی بنا دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 'لیکن اس پہچان کو ختم کر کے جموں و کشمیر کو کلا اور سنسکرتی کا ایک اہم ترین مرکز بنایا جائے گا۔ یہاں کے لوگ امن و سکون کی فضا میں ترقی دیکھ سکیں اس کے لئے ہمیں کام کرنا ہے'۔ منوج سنہا نے حالیہ کیپیکس بجٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ امن اور ترقی پسند ہیں یہ بات پوری دنیا جانتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'بدھوار کو ہم نے جموں و کشمیر کے سبھی 20 اضلاع کے لئے تاریخی 12 ہزار 600 کروڑ روپے کا کیپیکس بجٹ منظور کیا ہے۔ یہ پچھلے سال کے بجٹ سے دوگنا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔