کشمیر شاہراہ پر اتوار کو فوجی قافلوں کے ساتھ دربارمو گاڑیاں بھی چلیں گی

سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر اتوار کے روز فوجی قافلوں کے ساتھ ان گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت ہوگی جن میں دربار مو ملازمین سوار ہوں اور جو دربار مو کے ریکارڈ سے بھری ہوئی ہوں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر اتوار کے روز فوجی قافلوں کے ساتھ ان گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت ہوگی جن میں دربار مو ملازمین سوار ہوں اور جو دربار مو کے ریکارڈ سے بھری ہوئی ہوں۔ بتادیں کہ حکومت نے قومی شاہراہ پر سیول ٹریفک کی نقل وحمل پر ہفتے میں دو دن اتوار اور بدھ کو پابندی عائد کی ہے۔ ان دنوں کے دوران شاہراہ پر صرف فوجی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے۔

ایس پی ٹریفک رورل مظفر احمد شاہ نے بتایا کہ چونکہ ماہ مئی میں درباربشمول گورنر دفتر، جموں سے سری نگر منتقل ہوجاتا ہے لہٰذا اس سلسلے میں ہفتے اور اتوار کے روز سیول گاڑیوں میں ریکارڑ اور عملے کو سری نگر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر متعلقین کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور ریکارڈ اور ملازمین کو اتوار کے روز بھی سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیوں اور اپنی گاڑیوں میں سری نگر روانہ کرنے کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔


ایس پی نے بتایا کہ اتوار کے روز فوجی قافلے اور دربارمو کی گاڑیاں قومی شاہراہ پر ایک ساتھ چلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ دربار مو کی گاڑیاں 4 اور5 مئی کو بھی جموں سے سری نگر روانہ ہوں گی اور شاہراہ پر فوجی اور دربار مو کی گاڑیاں ایک ساتھ چلنے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ پروگرام طے کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ پر سیول ٹریفک کی نقل وحمل پر ہفتے میں دو روزہ پابندی کے خلاف وادی کے تمام سیاسی، سماجی اور تجارتی تنظیموں نے صدائے احتجاج بلند کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے اس سرکاری حکم نامے کے خلاف شاہراہ پر احتجاج بھی درج کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔