کشمیر: پی ڈی پی میں بھگدڑ، دو سینئر رہنما نیشنل کانفرنس میں شامل

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں برس جون میں بی جے پی سے حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بعد سے اب تک 7 پی ڈی پی لیڈران اس جماعت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سرینگر: پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی (پی ڈی پی) کو بدھ کے روز اُس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس کے دو سینئر ترین لیڈران اور سابق وزراء سید بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے پی ڈی پی سے علیحدگی اختیار کر کے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں برس جون میں بی جے پی سے حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بعد سے اب تک 7 پی ڈی پی لیڈران اس جماعت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔

بشارت بخاری بارہمولہ حلقہ انتخاب سنگرانہ سے دو بار پی ڈی پی کی ٹکٹ پر الیکشن جیت چکے ہیں جبکہ سابقہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت میں کابینی وزیر تھے۔ پیر محمد حسین پی ڈی پی بی جے پی حکومت کے دوران جموں وکشمیر وقف بورڈ کے چیئرمین تھے۔

دونوں پی ڈی پی لیڈران کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کی خبریں گزشتہ کچھ روز سے مقامی میڈیا میں گشت کررہی تھیں۔ ان خبروں کے چلتے پی ڈی پی نے گزشتہ شام دونوں سینئر لیڈران کو پارٹی سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی نے انہیں پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں پارٹی سے بے دخل کیا ہے۔

نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے بدھ کو پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر پارٹی میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر دو ٹوئٹس میں کہا گیا 'سابق وزیر اور پی ڈی پی کے سینئر لیڈر سید بشارت بخاری کی نیشنل کانفرنس میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عمر عبداللہ اور دیگر سینئر پارٹی لیڈران کی موجودگی میں بخاری کا پارٹی میں خیرمقدم کیا ہے'۔

پارٹی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا 'سابق وزیر اور سینئر پی ڈی پی لیڈر پیر محمد حسین نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور دیگر سینئر پارٹی عہدیداران کی موجودگی میں آج نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی'۔

بی جے پی سے حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بعد سے اب تک 7 پی ڈی پی لیڈران اس جماعت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔ بشارت بخاری اور پیر محمد حسین سے قبل ڈاکٹر حسیب احمد درابو، عمران رضا انصاری، عابد حسین انصاری، عباس وانی اور راجا اعجاز علی پی ڈی پی سے الگ ہوگئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔