جموں و کشمیر: ڈوڈہ میں دردناک حادثہ، فوجی گاڑی کھائی میں گرنے سے 4 جوان شہید، 12 دیگر زخمی

ایک افسر نے بتایا کہ نامعلوم اسباب سے گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔ حادثہ کے فوراً بعد بچاؤ اور راحتی ٹیمیں جائے وقوع پر بھیجی گئیں۔ زخمی فوجیوں کو قریبی میڈیکل سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں کم از کم 4 جوان شہید ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقہ سے گزرتے ہوئے فوج کی ’کیسپر‘ گہری کھائی میں گر گئی، جس کی وجہ سے 4 جوانوں کی شہادت دیکھنے کو ملی۔ اس حادثہ میں 12 دیگر جوان زخمی بھی ہوئے ہیں، جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فوج کا یہ کیسپر ڈوڈہ میں بھدرواہ چمبا روڈ سے گزر رہا تھا، جس کی حالت پہلے سے ہی کافی خستہ بتائی جا رہی ہے۔

موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کیسپر تقریباً 200 فیٹ گہری کھائی میں گر گئی، جس کی خبر ملتے ہی فوری طور پر راحت رسانی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ایک افسر نے بتایا کہ نامعلوم اسباب سے گاڑی سڑک سے پھسل گئی۔ حادثہ کے بعد بچاؤ و راحتی ٹیموں کو جائے وقوع پر بھیجا گیا۔ زخمی فوجیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی میڈیکل سنٹرل میں لے جایا گیا، جہاں 3 فوجیوں کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔


فوج کی جو گاڑی کھائی میں گری ہے، اس میں مجموعی طور پر 17 جوان سوار تھے، جو ایک اونچی پہاڑی پوسٹ کی طرف جا رہے تھے۔ غالباً کسی وجہ سے ڈرائیور نے گاڑی پر اپنا کنٹرول گنوا دیا اور وہ سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں سیکورٹی کی صورت حال موجودہ وقت میں حساس ہے۔ یہاں حالیہ دنوں میں دہشت گردانہ سرگرمیوں اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن بڑھے ہوئے ہیں۔ ڈوڈہ ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی کا اندیشہ بھی بنا ہوا ہے، خصوصاً پہاڑی اور جنگلی علاقوں میں۔ خفیہ رپورٹس کے مطابق ڈوڈہ اور کشتواڑ میں 30 سے 35 پاکستانی نژاد دہشت گرد فعال ہو سکتے ہیں، جو جنگل میں چھپے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔