گرفتاریوں کے خلاف سری نگر کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال

موصولہ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے یاسین ملک اور جماعت اسلامی کے لیڈروں اور کارکنوں کی شبانہ گرفتاری کی خبر ہفتہ کی صبح پھیلتے ہی سرینگر کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال رہی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں انتظامیہ کی طرف سے حریت قائدین کی خانہ یا تھانہ نظر بندی اور جماعت اسلامی کے لیڈران و کارکان کی گرفتاری کے خلاف ہفتہ کے روز شہر سری نگر کے بیشتر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی۔

یو این آئی کو موصولہ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے لبریش فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور جماعت اسلامی کے لیڈروں اور کارکنوں کی شبانہ گرفتاری کی خبر ہفتہ کی صبح پھیلتے ہی سرینگر کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال رہی۔

ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے سیول لائنز کے گاؤں کدل، مائسمہ، بڈشاہ چوک، لال چوک، ریگل چوک، کوکر بازار، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے علاوہ شہر خاص کے نوہٹہ، خانیار، مہاراج گنج، صفا کدل اور دوسرے علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں، تاہم سڑکوں پر ٹریفک کی جزوی نقل وحمل جاری رہی۔

ادھر سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں واقع گھنٹہ گھر پر ہفتہ کی صبح شرومنی اکالی دل کے کارکنوں نے ترنگا لہرانے کی کوشش کی، تاہم ریاستی پولس نے بروقت کارروائی کرکے انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

قبل ذکر ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں مقیم کشمیریوں کونشانہ بنانے کے خلاف وادی کی تجارتی انجمنوں کی کال پر جمعہ کی سہ پہر سے سری نگر میں دکانداروں نے دکانوں کو بند کر کے احتجاج کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔