جموں و کشمیر: یوم آزادی پر سکیورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، امسال زیادہ تر انکاونٹر ایل او سی پر ہوئے، پولیس سربراہ

جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ امسال زیادہ تر انکاونٹر ایل او سی پر ہوئے ہیں جس دوران بڑی تعداد میں ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا

دلباغ سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
دلباغ سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ امسال زیادہ تر انکاونٹر ایل او سی پر ہوئے ہیں جس دوران بڑی تعداد میں ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اکسانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

دلباغ سنگھ نے کہاکہ امسال ترنگا ریلیوں میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان ، طلبا کے ساتھ ساتھ مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگ ان ریلیوں میں شریک ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر کے ہر ضلع میں ترنگا ریلیوں میں لوگوں کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ یہاں کے لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ ہے۔ پولیس چیف نے کہاکہ اس طرح کی ریلیوں سے امن اور بھائی چارہ مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں میں ملک کے تئیں محبت میں مزید اضافہ ہوگا۔


یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کی تقریبات میں لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی خاطر بھی تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عوام الناس کو یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

جموں وکشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کی تعداد کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس چیف نے کہاکہ اس وقت جنگجووں کی تعداد نا کے برابر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ملی ٹینسی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور ان کی تعداد بہت ہی کم ہے۔

پولیس سربراہ نے مزید کہاکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اکسانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ انہیں تشدد کی طرف مائل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا : ”زیادہ تر لوگ جانتے ہیں کہ اس طرح کا راستہ تباہی اور بر بادی کی طرف جاتا ہے لہذا آج کا نوجوان امن کی طرف راغب ہے۔“انہوں نے بتایا کہ جو نوجوان بہکاوے میں آرہے ہیں انہیں بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ راستہ ان کے مستقبل کو تاریک بنائے گا۔


دراندازی کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ امسال دراندازی کی بہت ساری کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ امسال زیادہ تر انکاونٹر سرحدوں پر ہوئے جس دوران متعدد ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا۔پولیس سربراہ نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر چوبیس گھنٹے متحرک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔