کشمیر: پولس حراست میں نوجوان پرائیویٹ اسکول پرنسپل ہلاک، وادی میں شدید غم و غصہ

رضوان پنڈت مبینہ طور پر جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے ساتھ وابستہ تھا اور تین روز قبل ریاستی پولس نے اسے گھر سے حراست میں لیکر سری نگر میں واقع کارگو ایس او جی کیمپ منتقل کیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان پرائیویٹ اسکول پرنسپل رضوان پنڈت کی جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی حراست میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

رضوان پنڈت مبینہ طور پر جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے ساتھ وابستہ تھا اور تین روز قبل ریاستی پولس نے اسے اس کے گھر سے حراست میں لے کر سری نگر میں واقع کارگو ایس او جی کیمپ منتقل کیا تھا۔ منگل کی صبح رضوان پنڈت کو مردہ قرار دیا گیا۔ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ کے سابق گیسٹ لیکچرار و پرائیویٹ اسکول پرنسپل رضون کی پولس حراست میں ہلاکت سے وادی میں شدید غم وغصے کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔ ریاستی پولیس نے رضوان کی پولیس حراست میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے سے تین دن پہلے رضوان پنڈت، جو ایک پرائیویٹ اسکول کا پرنسپل تھا اور سال گذشتہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں کمسٹری کا گیسٹ لیکچرار تھا، کو کسی ملی ٹنسی کیس میں ملوث ہونے کی پاداش میں گرفتار کیا تھا اور وہ سری نگر میں واقع ایس او جی کے کارگو کیمپ میں بند تھا۔

انہوں نے بتایا کہ رضوان اسد کی پیر اور منگل کی درمیانی رات کو موت واقع ہوئی تاہم رضوان کی موت کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رضوان ایک ٹیوشن سینٹر بھی چلارہا تھا ور سال گذشتہ بھی اس کو گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں جلد ہی رہا بھی کیا گیا تھا۔

دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رضوان پنڈت ساکن اونتی پورہ جو کسی ملی ٹنسی کیس کے سلسلے میں زیر حراست تھا کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کے سلسلے میں ایک مجسٹریل انکوائری ہورہی ہے اور پولیس نے الگ سطح پر بھی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں تاکہ موت واقع ہونے کے وجوہات کا پتہ لگایا جاسکے۔

اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ نے اس واقعہ کے پیش نظر تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلامک یونیورسٹی نے منگل کے روز لئے جانے والے تمام سمسٹر امتحانات کو اچانک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔