جموں وکشمیر پولس کا ملی ٹینٹوں کے 18 سہولت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

ریاستی پولس کے مطابق جنوبی کشمیر میں پولس نے ملی ٹینٹ تنظیم جیش سے وابستہ دو گروپوں کو بے نقاب کرکے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جموں وکشمیر پولس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ملی ٹینٹوں کے 18 سہولیت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ریاستی پولس کے مطابق جنوبی کشمیر میں پولس نے ملی ٹینٹ تنظیم جیش سے وابستہ دو گروپوں کو بے نقاب کرکے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولس کے ایک بیان میں کہا گیا 'ملی ٹینوں نے ترال میں پچھلے کئی روز سے سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف وہرا س پھیل گیا۔ چنانچہ پولس نے سپیشل ٹیم تشکیل دے کر اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی اور اہم ثبوت و شواہد اکھٹا کئے جس کے بعد چار افراد جن کی شناخت یونس نبی نائیک ولد غلام نبی ساکنہ پنگلش، فیاض احمد وانی ولد غلام محی الدین ساکنہ ریشی پورہ ، ریاض احمد گنائی ولد محمد رمضان ساکنہ نگین پورہ ، بلال احمد راتھر ولد غلام رسول ساکنہ ہفو نگین پورہ کو حراست میں لے کر اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی'۔

بیان میں کہا گیا 'ادھر کھریو پانپور میں پولیس نے ایک اور ملی ٹینٹوں گروپ کو بے نقاب کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جیش سے وابستہ چھ افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت جاوید احمد پرے ولد محمد شعبان ساکنہ باتھن کھریو ، یاسر بشیر وانی ولد بشیر احمد ساکنہ بابا پورہ کھریو ، طاہر یوسف لون ولد محمد یوسف ساکنہ کھریو ، رفیق احمد بٹ ولد غلام احمد ساکنہ شار شالی کھریو ، جاوید احمد کھانڈے ولد غلام احمد ساکنہ کھریو اور عمران نذیر ولد نذیر احمد ساکنہ منڈک پال نعمہ صاحب کھریو کے بطور ہوئی ہے۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی مقدار میں قابلِ اعتراض مواد کے ساتھ ساتھ گیلٹن سٹکس ،ڈیٹونیٹر س، آئی ای ڈی اور گرنیڈ بنا نے کے لئے درکار اشیاءکو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے'۔

پولیس بیان میں کہا گیا 'مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد کہ ملی ٹینٹوں کے سہولت کار ڈیوٹی پر مامور حفاظتی عملے کے ہتھیار چھیننے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں کو دھیان میں رکھ کر سری نگر ، بارہ مولہ اور ٹنگمرگ پولیس نے ملی ٹینٹوں کے 8 سہولت کاروں کی گرفتاری عمل میں لا کر اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 102/2018زیر دفعہ 18,38یو اے ایکٹ کے تحت ٹنگمر گ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران قابلِ اعتراض مواد اور اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا'۔

دریں اثنا سری نگر پولیس نے دعویٰ کیا کہ پانچ گمشدہ نوجوانوں کو ڈھونڈ نکال کر والدین کے سپرد کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا 'سری نگر میں چند والدین نے پولیس میں رپورٹ درج کی کہ اُن کے لڑکے معمول کے مطابق اسکول کی او ر روانہ ہوئے تاہم انہوں نے اپنے والدین کو فون پر مطلع کیا کہ وہ ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہونے جار ہے ہیں۔ چنانچہ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور والدین کی مدد سے سخت کوششوں کے بعد گمشدہ لڑکوں کو ڈھونڈ نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ معلوم ہوا ہے کہ ان لڑکوں نے اپنے والدین کو ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہونے کی دھمکی دی تھی تاہم تفتیش کے بعد پتہ چلا ہے کہ ان لڑکوں کا کسی بھی ملی ٹینٹ تنظیم سے کوئی واسط نہیں ہے۔ پولیس کی جانب سے ان لڑکوں کی کونسلنگ کے بعد انہیں بحفاظت والدین کے سپرد کیا گیا۔والدین کی جانب سے وقت پر اطلاع دینے کے بعد مذکورہ لڑکوں کو ڈھونڈ نکالا گیا۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Dec 2018, 10:09 PM