جموں وکشمیر: بلدیاتی انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کی پولنگ شروع

ایس ایم سی کے جن 24 بلدیاتی حلقوں کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوا ہے، وہ سونہ وار، حضرت بل اور جڈی بل اسمبلی حلقہ جات پر پھیلے ہوئے ہیں، اکثر پولنگ مرکز پر روایتی گہما گہمی غائب ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کے تحت منگل کی صبح سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے 24 بلدیاتی حلقوں اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کی میونسپل کمیٹی گاندربل کے 12 بلدیاتی حلقوں کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

یو این آئی کے ایک نامہ نگار جنہوں نے منگل کی صبح سرینگر کے متعدد پولنگ مراکز کا دورہ کیا، نے بتایا کہ اکثر پولنگ مرکز پر روایتی گہما گہمی غائب ہے اور کہیں پر کوئی قطاریں نہیں لگی ہیں۔ ایس ایم سی کے جن 24 بلدیاتی حلقوں کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوا ہے، وہ سونہ وار، حضرت بل اور جڈی بل اسمبلی حلقہ جات پر پھیلے ہوئے ہیں۔

ایس ایم سی کے ایک اور گاندربل میونسپل کمیٹی کے پانچ بلدیاتی حلقوں میں امیدواروں کو پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب قرار دیا جاچکا ہے۔ ریاست کے چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے میں 156 امیدوار میدان میں ہیں جن کے لئے 308 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

اس مرحلے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار 794 ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ پٹن، پانپور، کھریو، پلوامہ، شوپیان اور ڈورو اننت ناگ کی میونسپل کمیٹیوں کو بھی چوتھے مرحلے میں آج انتخابی عملے سے گزرنا تھا، تاہم ان میں امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیئے جانے یا کوئی امیدوار سامنے نہ آنے کی وجہ سے پولنگ کی ضرورت نہیں پڑی۔ ان میں سے پٹن کو چھوڑ کر دیگر سبھی میونسپل کمیٹیاں جنوبی کشمیر میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔