’جموں و کشمیر انتہائی خوبصورت اور ہندوستان کا اہم حصہ‘، عمر عبداللہ سے ملاقات کے بعد امریکی سفیر سرجیو گور کا بیان
ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر ہندوستان کا اہم حصہ ہے، یہاں آ کر خوشی ہوئی۔ مجھے لگتا ہے کہ بہت سے امریکی جموں و کشمیر آ کر اس کی خوبصورتی کا دیدار کرنا پسند کریں گے۔‘‘

ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور آج سری نگر پہنچے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔ اس کے بعد گور نے کہا کہ یہاں آ کر خوشی ہوئی۔ جموں و کشمیر ہندوستان کا اہم حصہ ہے۔ میں یہاں پہلی بار آیا ہوں۔ یہ جگہ بے حد خوبصورت ہے۔ یہاں آ کر اور اس جگہ کو دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔ ہماری میٹنگ کافی اچھی ہوئی۔ ہم اس تعلق کو آگے بڑھانے کے لیے پرامید ہیں۔
واضح رہے کہ سرجیو گور جموں و کشمیر اور لداخ کے 2 روزہ دورے پر آج سری نگر پہنچے۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کی۔ گور نے کہا کہ امریکہ سفر سے متعلق الرٹ جاری کرتا ہے۔ ہم وقتاً فوقتاً ان کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ دہلی، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور یہاں کی انتظامیہ نے اس خطے کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے کچھ بہترین اقدامات کیے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم اس معاملے پر غور کریں گے کہ کیا امریکہ کی جانب سے جاری ٹریول الرٹ کی سطح کو کم کیا جانا چاہیے۔ جیسا میں نے پہلے کہا کہ یہ ایک خوبصورت جگہ ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ بہت سے امریکی جموں و کشمیر آ کر اس کی خوبصورتی کا دیدار کرنا پسند کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گور سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہمارے درمیان بہت اچھی ملاقات ہوئی۔ ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر بات چیت کا موقع ملا، جس میں خاص طور پر اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ امریکہ جموں و کشمیر کے لیے کیا کر سکتا ہے۔ ظاہر ہے کہ کچھ پرانے مسائل ہیں جنہیں ہم وقت کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ حالانکہ ہم اس بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے پرامید ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے سالوں میں امریکہ اور جموں و کشمیر کے درمیان روابط مزید گہرے اور وسیع ہوں گے۔
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ سرجیو گور اور ہمارے درمیان بہت اچھی بات چیت ہوئی کہ جموں و کشمیر اور امریکہ کے درمیان روابط کو کیسے بڑھایا اور گہرا کیا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر سیاحت، باغبانی اور نئی معیشت جیسے شعبوں میں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میں اس تعلق کو برقرار رکھنے اور ہماری بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے پرامید ہوں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
