جموں و کشمیر: ایل او سی پر دراندازی کی کوشش ناکام، ایک ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری

فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ کے سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ملی ٹینٹوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا

فائل تصویر
فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ کے سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ملی ٹینٹوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کپواڑہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب ملی ٹینٹوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ درمیانی شب ڈھائی بجے کے قریب سیدہ پورہ ٹنگڈار سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے اُنہیں للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔


اُن کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا اور اُس کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہوسکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو بھی جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ۔ دریں اثنا فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ برف باری سے قبل پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوششوں میں اضافہ کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ برف باری سے قبل پاکستان زیادہ سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی کوشش کرسکتا ہے جس کے پیش نظر لائن آف کنٹرول اور حد متارکہ پر پہلے ہی الرٹ جاری کیا گیا۔ اُن کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرحد کے اُس پار لانچنگ پیڈوں کو بھی پھر سے فعال کیا گیا اور وہاں پر ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہیں تاہم فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */