کشمیر میں ملی ٹینسی کے خلاف جنگ اہم مرحلے میں داخل: جنرل رنبیر سنگھ

لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے یہ باتیں شمالی کمان ہیڈکوارٹر میں منعقدہ انوسٹیچر تقریب سے خطاب کیا، اس موقع پر 91 فوجیوں کو گیلنٹری ایوارڈوں سے نوازا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

یو این آئی

ادھم پور: فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کہا کہ وادی کشمیر میں ملی ٹینسی کے خلاف جنگ اب ایک اہم مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج موثر طریقے سے جنگجوﺅں کے خلاف لڑرہی ہے اور اس کی کامیابیوں کا گراف ہر گذرتے دن کے ساتھ بلند ہورہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے یہ باتیں شمالی کمان ہیڈکوارٹر میں منعقدہ انوسٹیچر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر 91 فوجیوں کو گیلنٹری ایوارڈوں سے نوازا گیا۔ رنبیر سنگھ نے کہا 'ملی ٹینسی کے خلاف جنگ اب ایک اہم مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ یہ تبدیلی ہمارے بہادر فوجیوں بشمول مرکزی آرمڈ پولیس فورسز اور جموں وکشمیر پولیس کی قربانیوں کا ثمر ہے'۔

فوجی کمانڈر کا یہ بیان وزیر اعظم مودی کے ملی ٹینسی سے متعلق بیان کے محض تین روز بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے 3 فروری کو سری نگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وادی کشمیر میں سرگرم جنگجوﺅں کو سخت پیغام بھیجتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ریاست میں ملی ٹینسی کی کمر توڑ کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے سرحد پر پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کرکے اپنی پالیسی کو پہلے ہی واضح کردیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سرحدوں پر دشمن (پاکستان) کو کرارا جواب دیا جارہا ہے۔

فوجی کمانڈر رنبیر سنگھ نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ایک ترقی پسند مگر بہت ہی مشکل مرحلے سے گذر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا 'ایک طرف ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہوگئی ہے، وہیں دوسری طرف اسے گذشتہ تین دہائیوں کے دوران ملی ٹینسی کی وجہ سے بہت سارے مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ اس ملی ٹینسی کو سرحد پار (پاکستان) سے حمایت حاصل ہے'۔

لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد سے آج تک جموں وکشمیر کے لوگوں اور انڈین آرمی نے مشترکہ طور پر کئی مشکل صورتحالوں کا سامنا کیا ہے، تاہم دونوں ہمیشہ سے ہی فتح یاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 'میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انڈین آرمی علاقائی سالمیت کو بچانے اور ریاستی انتظامیہ کو امن، سیکورٹی اور ترقی یقینی بنانے میں مدد فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے'۔
فوجی کمانڈر نے کہا کہ امن اور معمول کے حالات کی بحالی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انڈین آرمی قدرتی آفات جیسے سیلاب، مٹی یا برف کے تودے گرآنے کے موقعوں پر مددگار ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے دور افتادہ علاقوں کی ترقی کے لئے بھی بہت کام کئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوج پاکستان سپانسرڈ اشتعال انگیزی کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا 'ہمارے فوجی سرحدوں پر چٹان کی مانند کھڑے ہیں۔ وہ ہمارے پڑوسی کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔ وہ دراندازی کی کوششوں اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے موثر طریقے سے نمٹ رہے ہیں'۔

فوجی کمانڈر نے کشمیری مسلح نوجوانوں کا نام لئے بغیر کہا کہ انہیں دکھ ہوتا ہے کہ نوجوان بیوقوفانہ تشدد کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا 'ہمیں یہ دیکھ کر دکھ پہنچتا ہے کہ نوجوان (کشمیری نوجوان) مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کے بہکاوے میں آکر بیوقوفانہ تشدد کے مرتکب ہوتے ہیں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔