جموں و کشمیر ڈی ڈی سی انتخابات: گپکار اتحاد 112، بی جے پی 74 سیٹوں پر کامیاب

ڈی ڈی سی انتخابات کے نتائج پر عمر عبد اللہ نے کہا کہ عوام نے ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے اور خصوصی درجہ کو ختم کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف اپنی رائے دے دی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

سرینگر: فاروق عبد اللہ کی قیادت والے پیپلز الائنز فار گپکار ڈکلیریشن (گُپکار اتحاد) کے لیڈران نے جموں و کشمیر کے ڈی ڈی سی انتخابات میں عوام کے فیصلہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے اور خصوصی درجہ کو ختم کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف اپنی رائے دے دی ہے۔ انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق خطہ جموں میں بی جے پی جبکہ وادی کشمیر میں گپکار اتحاد کو کامیابی حاصل ہوئی۔

خیال رہے کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو غیر فعال کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا کر تقسیم کرنے کے بعد پہلی مرتبہ انتخابات ہوئے ہیں۔ انتخابات کے لئے ووٹنگ تقریباً پُر امن رہی تھی اور منگل کے روز ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔


حتمی نتائج کے مطابق گپکار اتحاد کو 112 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں جبکہ بی جے پی کو 74 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ گپکار کی اتحادی جماعتوں سمیت تمام پارٹیوں کی صورت حال پر نظر ڈالیں تو بی جے پی کو سب سے زیادہ 74 سیٹیں حاصل ہوئیں جبکہ جے کے این سی کو 67، آزاد امیدواروں کو 49، پی ڈی پی کو 27، کانگریس کو 26، جے کے اے پی کو 12، جے کے پی سی کو 8، سی پی آئی ایم کو 5، جے کے پی ایم کو 3، پی ڈی ایف کو 2، جے کے این پی پی کو 2 اور بی ایس پی کو ایک سیٹ حاصل ہوئی ہے۔

انتخابی نتائج کے بعد جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے رکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے عوام نے گپکار کے حق میں ووٹ دیا ہے اور مرکز نے جس طرح غلط طریقہ سے ریاست کا خصوصی درجہ ختم کیا اسے مسترد کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبد اللہ نے کہا کہ بی جے پی نے ان انتخابات کو اپنے وقار کا سوال بنا لیا تھا لیکن عوام نے انہیں جواب دے دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات میں جو رجحانات سامنے آئے ہیں وہ گپکار اتحاد کے لئے حوصلہ افزا ہیں۔ بی جے پی نے ان انتخابات کو دفعہ 370 اور جموں و کشمیر کے خصوصی درجہ کے حوالہ سے وقار کا موضوع بنا دیا تھا۔ لوگوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔‘‘


بی جے پی سب سے بڑی پارٹی

بی جے پی کی طرف سے ان انتخابات میں جارحانہ تشہیر کی گئی تھی، جس کی بدولت وہ ریاست میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ خطہ جموں کے 10 میں سے 6 اضلاع میں بی جے پی کو اکثریت حاصل ہوئی۔ دوسری طرف مسلم اکثرتی وادی کشمیر میں بھی بی جے پی نے تین سیٹیں حاصل کر لی ہیں۔ سری نگر سے بی جے پی کے اعجاز حسین، بانڈی پورہ سے اعجاز احمد خان اور پلوامہ کے کاکپورہ سے منہاج لطیف نے کامیابی حاصل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔