جموں و کشمیر: اودھم پور میں سی آر پی ایف کا بنکر وہیکل حادثے کا شکار، 2 جوان ہلاک، 12 شدید زخمی

حادثہ بسنت گڑھ علاقے کے کنڈوا علاقے میں ہوا جہاں سڑک پر اچانک گاڑی بے قابو ہونے کے بعد اُلٹ گئی۔ زخمی جوانوں میں کچھ کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر کے اودھم پور ضلع میں بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں سی آر پی ایف کا ایک بنکر وہیکل حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثہ بسنت گڑھ علاقے کے کنڈوا علاقے میں ہوا جہاں سڑک پر اچانک گاڑی بے قابو ہونے کے بعد اُلٹ گئی۔ اس حادثے میں 2 سی آر پی ایف جوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 12 دیگر جوان زخمی ہو گئے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بنکر گاڑی میں 23 جوان سوار تھے۔ جیسے ہی گاڑی کنڈوا-بسنت گڑھ راستے پر پہنچی تو وہاں گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں کو پتہ چلا تو فوراً موقع پر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ سبھی زخمی جوانوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔


اس معاملے کو اے ایس پی سندیپ بھٹ نے کہا کہ حادثے میں دو جوانوں کی جان چلی گئی جبکہ زخمی جوانوں کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق خراب سڑک اور گاڑی کا توازن بگڑنا حادثے کی اہم وجہ مانی جا رہی ہے۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے کی خبر ملنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’اودھم پور کے پاس ہوئے حادثے میں سی آر پی ایف جوانوں کی موت سے صدمے میں ہوں۔ ملک کے تئیں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سوگوار خاندان کے ساتھ میری تعزیت ہے اور زخمیوں کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ افسروں کو بہتر علاج اور امداد کو یقینی کرنے کی ہدایت دی ہے۔‘‘


اس حادثے پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی اپنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ضلع ڈپٹی کمشنر سلونی رائے سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راحت و بچاؤ کام کی نگرانی کی جا رہی ہے۔