جموں وکشمیر میں کورونا کے 17 نئے مثبت کیسز درج، تعداد بڑھ کر 92 ہو گئی

تصدیق شدہ کیسز میں سے 86 ایکٹو ہیں، دو مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور چار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر میں ہفتہ کے روز کورونا وائرس کے 17 نئے مثبت کیسز سامنے آئے جس سے اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے۔ تصدیق شدہ کیسز میں سے 86 ایکٹو ہیں، دو مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور چار مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں ہفتہ کو جو 17 کیسز سامنے آئے ان میں سے 14 کا تعلق وادی اور 3 کا تعلق صوبہ جموں کے ادھم پور سے ہے۔ وادی میں جو 14 کیسز سامنے آئے ان میں سے چھ کپوارہ، چار بانڈی پورہ، تین بارہمولہ اور ایک پلوامہ سے سامنے آیا ہے۔

86 ایکٹو کیسز میں سے وادی میں 68 اور جموں میں 18 کیسز ہیں۔ وادی میں دو مریضوں کی موت اور ایک مریض صحتیاب ہوکر ہسپتال سے رخصت ہوچکا ہے جبکہ جموں میں تین مریض صحتیاب ہوکر ہسپتال سے اپنے گھروں کو منتقل ہوچکے ہیں۔ پورے جموں وکشمیر میں اب تک زائد از 28 ہزار افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

اس دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے 17 نئے کیسز سامنے آنے پر حیرانگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جموں وکشمیر میں اب تک کسی ایک دن سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع امراض سینہ کے ہسپتال، جس کو کووڈ ہسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے، کے انچارج ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے بتایا کہ ہسپتال ھٰذا میں زیر علاج کورونا وائرس کے 7 مریضوں کے ٹیسٹ اب منفی آئے ہیں۔


انہوں نے اس کو ایک اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوں ہی یہ مریض اپنی قرنطینہ مدت مکمل کریں گے تو انہیں ہسپتال سے رخصت کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنا کردار نبھا کر وائرس کی اس زنجیر کو توڑ سکتے ہیں۔ دریں اثنا لوگ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران چوبیس گھنٹے کام کرنے والی مفت ایمبولنس خدمات سے اپنی دہلیز پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ایمبولنس خدمت کا ٹول فری نمبر ہے 108۔ حاملہ خواتین اور بیمار بچے ٹول فری نمبر 102 پر کال کر کے مفت ایمبونس خدمات سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ لوگ عام قومی سطح کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1075 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

حکومت کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پُر امن رہے اور گھبرائیں نہیں کیوں کہ جموں وکشمیر میں کووڈ 19 کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس عمل کی اعلیٰ سطح پر نگرانی کی جارہی ہے۔ حکومت نے رابطے والے افراد کو ڈھونڈنے اور ٹیسٹنگ میں تیزی لانے کے لئے ایک بڑی مہم شروع کی ہے اور اس وجہ مثبت سے معاملات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ ان سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملے کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رپورٹ کریں۔ عوام کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور ہسپتالوں کا دورہ نہ کریں اور بخار، کھانسی یا سانس لینے میں مشکل آنے کی صورت میں ہی طبی صلاح لیں۔


لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ہیلپ لائین نمبرات پر صلاح و مشورہ کے لئے رابطہ قائم کریں۔
ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی صفائی ستھرائی پر دھیان دیں، پانی اور صابن سے بار بار ہاتھ دھوئیں اور چھینکتے یا کھانستے وقت اپنا منھ ڈھانپ لیں۔

لوگوں سے کہا کیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سرکار کی جانب سے فراہم کی جانے والی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ افواہیں پھیلائیں اور نہ اُن پر کان دھریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔