جموں و کشمیر: کشتواڑ میں گاڑی سڑک سے پھسل کر ندی میں گری، 4 افراد جاں بحق، 2 لاپتہ
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے حادثے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سڑک حادثہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد کشتواڑ ڈی سی راجیش کمار شون سے رابطہ کرکے بچاؤ دستہ کو کارروائی میں لگا دیا ہے۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
جموں و کشمیر کے کشتواڑ کے پاڈر میں بڑا سڑک حادثہ رونما ہوا ہے۔ اس حادثے میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گاڑی پھسل کر پہاڑی سے نیچے ندی میں گر گئی، جس سے 4 افراد کی جان چلی گئی۔ ڈرائیور سمیت 2 لوگ لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ حادثے کے مقام پر راحت اور بچاؤ مہم جاری ہے۔
اس حادثے پر مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سڑک حادثہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد کشتواڑ ڈی سی راجیش کمار شون سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچاؤ دستہ کو کارروائی میں لگا دیا گیا ہے اور میں مستقل طور سے اس سلسلے اَپڈیٹ حاصل کر رہا ہوں۔
موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ واقعہ کے مقام پر ایمبولنس پہنچنے کے بعد بچاؤ مہم چل رہی ہے۔ جائے وقوع کے ایک ویڈیو میں راحت و بچاؤ ملازمین کو کھائی سے لاش نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ افسروں نے ابھی تک حادثہ میں شامل گاڑی کے بارے میں جانکاری نہیں دی ہے۔
واضح ہو کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے پہلے ہفتہ کو باندی پورہ ضلع میں فوج کی گاڑی پھسل کر کھائی میں گر گئی تھی۔ اس حادثے میں 4 جوانوں کی موت ہو گئی تھی اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ جموں و کشمیر میں موسم خراب رہنے اور راستہ خراب ہونے کی وجہ سے سڑک حادثات ہونے کا خطرہ ہمیشہ بنا رہتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔