کشمیر: مشتبہ ملی ٹینٹوں کے حملے میں سی آئی ایس ایف افسر ہلاک

فائرنگ کے اس واقعہ میں اے ایس آئی رینک کے ایک سیکورٹی افسر کی موت واقع ہوئی۔ ریاستی پولس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ملی ٹنتوں کے حملے کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ واگورہ نوگام میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کے دوران مشتبہ جنگجوؤں کے حملے میں سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) مارا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹنٹوں کے ایک گروپ نے گذشتہ رات ایک بجے واگورہ نوگام میں واقع بجلی گرڈ اسٹیشن کی حفاظت کے لئے قائم سی آئی ایس ایف کی چوکی پر فائرنگ کردی۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں اے ایس آئی رینک کے ایک سیکورٹی افسر کی موت واقع ہوئی۔ اس دوران ریاستی پولس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ملی ٹنتوں کے حملے کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ’جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کے دوران واگورہ نوگام میں واقع گرڈ اسٹیشن پر ملی ٹنٹوں کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی شدید طور پر زخمی ہوا۔ زخمی ہونے والے اے ایس آئی راجندرا پرساد کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے‘۔

بیان میں مزید کہا گیا ’الرٹ سنتریوں کی جانب سے حملے کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا گیا۔ علاقہ میں تلاشی مہم جاری ہے‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔