جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: راہل گاندھی 4 ستمبر کو دو ریلیوں سے کریں گے خطاب

غلام احمد میر نے کہا، ’’راہل گاندھی 4 ستمبر کو جموں و کشمیر پہنچیں گے اور یہاں وہ دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ ایک ریلی جموں میں اور دوسری ریلی وادی کشمیر میں منعقد ہوگی‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سری نگر: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی 4 ستمبر کو جموں و کشمیر میں دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور شمالی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ڈورو اسمبلی حلقہ سے امیدوار غلام احمد میر نے یہ اطلاع دی۔

غلام احمد میر نے ایک پریس کانفرنس سے کہا کہ کانگریس-این سی اتحاد کے امیدوار چاہتے ہیں کہ راہل گاندھی یونین ٹیریٹری میں اپنی انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں۔ میر نے کہا، ’’راہل گاندھی 4 ستمبر کو جموں و کشمیر پہنچیں گے اور یہاں وہ دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ ایک ریلی جموں میں اور دوسری ریلی وادی کشمیر میں منعقد ہوگی۔‘‘

قبل ازیں ہفتہ کو کانگریس نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے اپنے 40 اسٹار تشہیر کاروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، سی پی پی چیئرپرسن سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے نام شامل ہیں۔

جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔ کانگریس پارٹی نے ہفتہ کو پہلے مرحلے کے لیے 40 اسٹار تشہیر کاروں کی فہرست جاری کی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی طرف سے جاری کردہ فہرست میں جے رام رمیش، امبیکا سونی، اجے ماکن، سلمان خورشید اور کنہیا کمار کے نام شامل ہیں۔


اس کے علاوہ ہماچل کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو، پنجاب کے سابق وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کو بھی اس فہرست میں جگہ ملی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہے۔ جموں و کشمیر کی 90 سیٹوں میں سے نیشنل کانفرنس 52 سیٹوں پر اور کانگریس 31 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔

سابق وزیر اعلیٰ اور این سی کے نائب صدر عمر عبداللہ گاندربل ضلع کی اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ این سی کے بانی اور عمر عبداللہ کے دادا شیخ محمد عبداللہ نے 1975 میں اس سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ نیشنل کانفرنس پہلے ہی 50 سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔