کشمیر: کولگام میں مسلح تصادم، 2 ملی ٹینٹ ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے یاری پورہ میں ہفتہ کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں 2 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے یاری پورہ میں ہفتہ کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں 2 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے یاری پورہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 35 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی شام ایک مشترکہ تلاشی آپریشن چلایا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا۔

فوج کے آپریشن کے دوران کچھ عام لوگوں نے مظاہرے شروع کر دئے جس کے بعد علاقہ کی انٹرنیٹ خدمات کو منقطع کر دیا گیا۔ سی آر پی ایف نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیر کے گولوں کا بھی استعمال کیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق مسلح تصادم میں دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ تاہم پولیس سے اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے مقامات پر ملی ٹینٹوں کی حمایت میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی۔ جب لوگوں نے پرامن طور پر منتشر ہونے سے انکار کیا تو سیکورٹی فورسز نے ان کے خلاف آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔ لوگوں نے مشتعل ہوکر فورسز پر پتھراؤ کیا۔ اطلاعات کے مطابق طرفین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انتظامیہ نے احتیاطی طور پر کولگام اور اننت اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ اس کے علاوہ سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔